Haj Houses Approved for Hubballi and Kalaburagi in Karnataka Budget سلیم احمد کی کوششوں کو سراہا گیا

کرناٹک بجٹ میں ہبلی اور گلبرگہ کے لیے حج ہاؤس کی منظوری

ایم ایل سی سلیم احمد کی کوششوں کو عوامی حلقوں میں سراہا گیا

بنگلورو / ہبلی 14 مارچ (حقیقت ٹائمز)

 کرناٹک کے حالیہ بجٹ میں ہبلی اور گلبرگہ میں حج ہاؤس کے قیام کی منظوری دیے جانے پر ریاست کے بالخصوص شمالی کرناٹک کے مسلمانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اس پیش رفت کو قانون ساز کونسل کے رکن سلیم احمد کی مسلسل کوششوں اور کاوشوں کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔اطلاعات کے مطابق شمالی کرناٹک کے حجاجِ کرام کو اب تک حج کے سفر کے لیے بنگلورو جانا پڑتا تھا، جس کے باعث انہیں اپنے عزیز و اقارب کے ساتھ تقریباً چار سو سے سات سو کلومیٹر تک طویل سفر طے کرنا پڑتا تھا۔ اس عمل میں انہیں کافی دشواریوں اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ 

ہبلی اور گلبرگہ میں حج ہاؤس کے قیام سے اس مسئلے کا کافی حد تک حل ممکن ہو سکے گا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ حج ہاؤس کے قیام سے نہ صرف حجاجِ کرام کو سہولت ملے گی بلکہ شمالی کرناٹک کے عوام کو بھی مختلف سطحوں پر فائدہ پہنچے گا۔ اس کے نتیجے میں مقامی ہوائی اڈوں کی ترقی کو بھی فروغ ملے گا اور حج کے ایام کے دوران ہبلی اور گلبرگہ میں مقامی تجارت اور کاروبار میں اضافہ ہونے کی امید ہے، جس سے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔یہ بھی تجویز پیش کی گئی ہے کہ حج کے ایام کے علاوہ باقی گیارہ مہینوں میں حج ہاؤس کی عمارت کو مسلم طلبہ کے لیے رہائشی سہولتوں، تربیتی پروگراموں اور کوچنگ سینٹروں کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے، جس سے تعلیمی میدان میں بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔مسلم یونائیٹڈ فرنٹ کے ریاستی صدر اشفاق احمد مڈکی نے اس موقع پر ایم ایل سی سلیم احمد کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ انہیں جلد ریاستی کابینہ میں بھی مناسب نمائندگی ملے گی تاکہ وہ مزید مؤثر انداز میں قوم اور ریاست کی خدمت انجام دے سکیں۔ انہوں نے دعا کی کہ سلیم احمد اپنی صلاحیتوں کے ذریعے ملت کے مسائل کے حل کے لیے اسی طرح کام کرتے رہیں۔

0/Post a Comment/Comments