مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کی اہم اپیل: آج چاند دیکھنے کا اہتمام کیا جائے
بنگلورو میں اجلاس کے بعد شرعی شہادتوں کی بنیاد پر عید الفطر کا فیصلہ
بنگلور، 19 مارچ (حقیقت ٹائمز)
ریاست کرناٹک کی مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی نے عید الفطر کے چاند کی رویت کے سلسلے میں اہم اعلان جاری کرتے ہوئے تمام مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ آج بروز جمعرات 29 رمضان المبارک 1447 ہجری مطابق 19 مارچ 2026ء کو چاند دیکھنے کا خصوصی اہتمام کریں۔کمیٹی کے کنوینر مفتی ڈاکٹر محمد مقصود عمران رشادی نے اطلاع دی ہے کہ آج بعد نمازِ مغرب بنگلور میں مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوگا، جس میں موصول ہونے والی شرعی شہادتوں کا جائزہ لے کر عید الفطر کے چاند کے بارے میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔انہوں نے ریاست کے تمام اضلاع کی رویتِ ہلال کمیٹیوں، مساجد کے ذمہ داران اور عام مسلمانوں سے گزارش کی ہے کہ وہ چاند دیکھنے کا باقاعدہ انتظام کریں اور اگر کہیں بھی چاند نظر آئے تو فوری طور پر اپنی مقامی کمیٹی یا مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کو اطلاع دیں، تاکہ بروقت اور مستند اعلان کیا جا سکے۔ کمیٹی نے مزید وضاحت کی کہ ملک کے دیگر علاقوں کی رویتِ ہلال کمیٹیوں سے بھی رابطہ قائم رکھا جائے گا اور اطمینان بخش شرعی شہادت موصول ہونے کے بعد علمائے کرام کے مشورے سے باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔عوام سے خصوصی اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی غیر مصدقہ خبر یا افواہ پر توجہ نہ دیں اور صرف مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے سرکاری اعلان کا انتظار کریں۔مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی نے اس بات پر زور دیا کہ عید الفطر جیسے اہم مذہبی موقع پر اتحاد، نظم و ضبط اور ذمہ داری کا مظاہرہ انتہائی ضروری ہے، اس لیے تمام مسلمان صبر و تحمل کے ساتھ مستند اعلان کا انتظار کریں اور شرعی اصولوں کی پابندی کریں۔
Post a Comment