Eid Marked by Unity and Huge Turnout in Ilkal الکل میں اتحاد کے ساتھ عید منائی گئی

الکل میں عیدالفطر کا شاندار منظر

جلوس، اجتماعات اور اتحاد کی روشن مثال

الکل، 22 مارچ (سلیمان چوپدار)

شہر الکل میں عیدالفطر کا تہوار مذہبی عقیدت، جوش و خروش اور روحانی ماحول میں منایا گیا۔ اس موقع پر انجمن عیدگاہ میدان، حضرت سید شاہ مرتضیٰ قادری درگاہ کمپاؤنڈ اور مسجد صوفہ سمیت شہر کے مختلف مقامات پر بڑی تعداد میں مسلمانوں نے نمازِ عید ادا کی۔انجمن عیدگاہ میدان میں لاکھوں فرزندانِ اسلام نے اجتماعی طور پر نمازِ عیدالفطر ادا کی۔ اس موقع پر شہر قاضی جناب بہاءالدین قاضی نے اپنے خطاب میں رمضان المبارک کے پیغام پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس مقدس مہینے کا اصل مقصد تقویٰ اور پرہیزگاری اختیار کرنا ہے، جسے عید کے بعد بھی اپنی زندگیوں میں برقرار رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقویٰ صرف عبادات تک محدود نہیں بلکہ خدمتِ خلق، اخلاص اور باہمی ہمدردی کو بھی شامل کرتا ہے۔شہر میں حضرت سید شاہ مرتضیٰ قادری درگاہ کمپاؤنڈ میں حافظ ابراہیم اکمل نے امامت کے فرائض انجام دیے، جبکہ مسجد صوفہ میں محمد ابوبکر صوفی نے نمازِ عید پڑھائی۔ اسی طرح دیگر مقامات پر بھی علماء کرام کی قیادت میں نماز ادا کی گئی۔ہر سال کی طرح اس سال بھی صبح آٹھ بجے مسجد حیدری سے ایک اجتماعی جلوس نکالا گیا، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ یہ جلوس شہر کے مرکزی راستوں سے گزرتا ہوا تکبیرات کی صداؤں کے ساتھ عیدگاہ میدان پہنچا، جہاں نو بجے نمازِ عید ادا کی گئی۔نماز کے بعد شہر کے علماء، عمائدین، سیاسی و سماجی رہنما اور نوجوانوں نے ایک دوسرے سے گلے مل کر عید کی مبارکباد پیش کی۔ شہر میں خوشی، بھائی چارے اور جشن کا ماحول دیکھنے کو ملا۔مجموعی طور پر الکل شہر میں عیدالفطر کا تہوار نہایت پُرامن اور خوشگوار ماحول میں منایا گیا، جہاں اتحاد و یکجہتی اور اسلامی اخوت کا عملی مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔

0/Post a Comment/Comments