Tension Continues in Bagalkot After Shivaji Jayanti Incident; Protest Held باگل کوٹ: شیواجی جلوس واقعہ پر دھرنا، سکیورٹی سخت

باگل کوٹ میں شیواجی جینتی واقعہ پر احتجاجی دھرنا، فضا بدستور کشیدہ

تنظیموں کا خاطیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ، انتظامیہ کی امن برقرار رکھنے کی اپیل

باگل کوٹ 26 فروری (سلیمان چوبدار)

شہر میں 19 فروری کو شیواجی جینتی کے موقع پر نکالے گئے جلوس کے دوران پیش آئے پتھراؤ کے واقعہ کے بعد فضا کشیدہ ہو گئی۔ اس سلسلے میں ہندو ہِتا رکشنا سمیتی کی جانب سے ضلع ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا گیا۔احتجاج میں شریک مختلف ہندو تنظیموں کے قائدین نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ بعض مقررین نے اپنے خطابات میں مسلم سماج، کانگریس پارٹی اور پولیس انتظامیہ پر تنقید کی۔ ایک مقرر پریشانت پوار (وکیل) نے اشتعال انگیز بیانات دیتے ہوئے سخت الفاظ استعمال کیے، جس پر ماحول مزید گرما گیا۔اسی طرح ایک اور مقرر راجو نائک نے پولیس کی بھاری نفری اور سکیورٹی انتظامات پر اعتراض جتاتے ہوئے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ احتجاج کے دوران بعض مقررین کی جانب سے فرقہ وارانہ نوعیت کے بیانات بھی سامنے آئے، جس سے صورتحال حساس ہو گئی۔احتجاج میں مختلف تنظیموں کے عہدیداران، سابق رکن اسمبلی اور دیگر سیاسی شخصیات سمیت مرد و خواتین کی کثیر تعداد شریک رہی۔شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے پیش نظر سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔ پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی اور اہم مقامات پر گشت بڑھا دیا گیا۔ ضلع انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور امن و بھائی چارہ برقرار رکھنے میں تعاون کریں۔

0/Post a Comment/Comments