امارتِ شرعیہ کرناٹک کا اعلان، امسال صدقۂ فطر کی رقم مقرر
گہیوں سے کشمش تک مختلف اشیاء کے اعتبار سے فطرہ کی رقم مقرر، عید سے قبل ادائیگی کی تاکید
بنگلورو، 25 فروری (حقیقت ٹائمز)
امارتِ شرعیہ کرناٹک کے زیر اہتمام مرکزی رؤیتِ ہلال کمیٹی کرناٹک کے کنوینر حضرت مولانا مفتی ڈاکٹر محمد مقصود عمران رشادی نے اطلاع دی ہے کہ امسال صدقۂ فطر کی رقم مقرر کر دی گئی ہے۔یہ فیصلہ حضرت مولانا مفتی محمد شعیب اللہ خان مفتاحی دامت برکاتہم، رکن مجلسِ امارت، امارتِ شرعیہ کرناٹک اور حضرت مولانا مفتی افتخار احمد قاسمی دامت برکاتہم، رکن مجلسِ امارت، امارتِ شرعیہ کرناٹک سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔اعلان کے مطابق صدقۂ فطر کی رقم درج ذیل اشیاء کے اعتبار سے مقرر کی گئی ہے
گیہوں کے اعتبار سے: 100 روپے
جو کے اعتبار سے: 280 روپے
کھجور کے اعتبار سے: 1120 روپے
کشمش کے اعتبار سے: 1980 روپے
برادرانِ اسلام سے گزارش کی گئی ہے کہ جن افراد کو اللہ تعالیٰ نے صاحبِ نصاب بنایا ہے، وہ مذکورہ اشیاء میں سے کسی ایک کے حساب سے اپنا صدقۂ فطر ادا کریں۔ تاہم صاحبِ ثروت حضرات اگر کھجور، کشمش یا جو کے اعتبار سے فطرہ ادا کریں تو یہ زیادہ بہتر اور فقراء کے لیے زیادہ نفع بخش ہوگا۔امارتِ شرعیہ نے تاکید کی ہے کہ صدقۂ فطر عید سے دو تین دن قبل ادا کر دینا افضل ہے، تاکہ مستحقین عید کی تیاری کر سکیں۔ اگر پہلے ادا نہ کیا جائے تو کم از کم عیدگاہ جانے سے قبل ضرور ادا کر دیا جائے۔
Post a Comment