کرناٹک میں حقِ تعلیم کے تحت مفت داخلوں کا آغاز
نجی اسکولوں میں پچیس فیصد نشستیں مستحق بچوں کے لیے مختص
بنگلورو، 20 فروری (حقیقت ٹائمز)
ریاست کرناٹک میں تعلیمی سال 2026-27 کے لیے حقِ تعلیم قانون کے تحت نجی اسکولوں میں 25 فیصد مفت نشستوں پر داخلے کا عمل 24 فروری 2026 سے شروع ہو رہا ہے۔ محکمۂ تعلیم کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق والدین 24 مارچ 2026 تک اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ داخلے کا پورا عمل سرکاری آن لائن پورٹل کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔حکام کے مطابق یہ سہولت اقتصادی طور پر کمزور طبقات، درج فہرست ذاتوں اور قبائل، دیگر پسماندہ طبقات اور اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کے لیے فراہم کی جا رہی ہے، تاکہ انہیں نجی تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم حاصل کرنے کا مساوی موقع مل سکے۔اہلیت کے سلسلے میں بتایا گیا ہے کہ بچہ کرناٹک کا مستقل رہائشی ہونا ضروری ہے۔ ایل کے جی کے لیے عمر 4 سے 6 سال اور جماعت اوّل کے لیے 6 سے 8 سال مقرر کی گئی ہے، جس کا تعین یکم اپریل 2026 کی بنیاد پر کیا جائے گا۔درخواست جمع کراتے وقت والدین کو بچے کا پیدائش سرٹیفکیٹ، بچے اور والدین کا آدھار کارڈ، آمدنی کا سرٹیفکیٹ، ذات یا برادری کا سرٹیفکیٹ، رہائشی ثبوت اور حالیہ پاسپورٹ سائز تصویر پیش کرنا لازمی ہوگا۔ نامکمل یا غلط معلومات پر مبنی درخواستیں مسترد کی جا سکتی ہیں۔محکمۂ تعلیم کے مطابق موصولہ درخواستوں کی جانچ کے بعد اہل امیدواروں کا انتخاب قرعہ اندازی کے شفاف نظام کے ذریعے کیا جائے گا۔ منتخب طلبہ کو نجی اسکولوں میں بغیر کسی فیس کے داخلہ دیا جائے گا جبکہ متعلقہ اخراجات حکومت کی جانب سے ادا کیے جائیں گے۔ریاستی حکومت نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ آخری تاریخ کا انتظار کیے بغیر بروقت درخواست جمع کریں اور تمام دستاویزات درست طریقے سے اپلوڈ کریں، تاکہ مستحق بچوں کو اس اہم تعلیمی موقع سے بھرپور فائدہ حاصل ہو سکے۔
https://schooleducation.karnataka.gov.in/20/rte-admissions/en
Khansaniya162@gmail.com
ReplyDeletePost a Comment