آئی ایم سی ای ٹیم کا اقلیتی مسائل پر حکومت سے فوری اقدام کا مطالبہ
پالیسیوں میں شفافیت اور ترقیاتی اسکیموں کی تفصیلات جاری کرنے کی اپیل
بنگلورو، 19 فروری (حقیقت ٹائمز)
انڈین مسلم کمیونٹی امپاورمنٹ ٹیم (آئی ایم سی ای ٹی) نے ریاست کرناٹک میں اقلیتوں کی نمائندگی، حقوق اور فلاح و بہبود کو مضبوط بنانے کے مطالبے کے ساتھ وزیراعلیٰ و وزیرِ خزانہ سدارامیا کو ایک مفصل یادداشت پیش کی ہے۔یادداشت میں تنظیم نے کہا ہے کہ وہ مسلم کمیونٹی کو سیاسی، سماجی، تعلیمی اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کے مقصد سے سرگرم عمل ہے اور انصاف، آزادی، مساوات اور اخوت کے اصولوں پر یقین رکھتی ہے۔ تنظیم نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اقلیتوں سے متعلق پالیسیوں اور اسکیموں پر شفاف عمل آوری کو یقینی بنایا جائے۔یادداشت میں وزیراعلیٰ سے اپیل کی گئی ہے کہ متعلقہ محکموں کو ہدایت دی جائے کہ وہ اقلیتی برادریوں کو سالانہ بنیاد پر دی جانے والی جائیدادوں کی مکمل تفصیلات اپنی سرکاری ویب سائٹس پر جاری کریں۔ ان میں سلم بورڈ مکانات، رہائشی سائٹس، کرناٹک انڈسٹریل ایریاز ڈیولپمنٹ بورڈ (کے آئی اے ڈی بی) کی جانب سے الاٹ کی گئی اراضی اور دیگر ضلعی و ریاستی ترقیاتی بورڈز کی الاٹمنٹس شامل ہوں۔ تنظیم نے مذہب کے لحاظ سے تفصیلی اعداد و شمار فراہم کرنے اور ریزرویشن پالیسی کی خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ دار محکموں کے خلاف کارروائی کی معلومات بھی طلب کی ہیں۔تنظیم نے بعض سرکاری محکموں کی جانب سے آئینی ذمہ داریوں کی عدم ادائیگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اصلاحی اور تادیبی اقدامات کی تفصیلات منظرِ عام پر لانے کا مطالبہ کیا۔یادداشت میں اقلیتی آبادی والے علاقوں میں جدید سہولیات سے آراستہ لائبریریاں قائم کرنے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔ ان لائبریریوں میں جماعت اول تا دہم کے طلبہ، کالج طلبہ اور مسابقتی امتحانات کی تیاری کرنے والوں کے لیے درسی و رہنما مواد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تعلیم، سیاست، سماجی تحریکات اور سرکاری پالیسیوں سے متعلق کتب و تحقیقی مواد دستیاب کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔آئی ایم سی ای ٹیم نے بتایا کہ یہ یادداشت وزیراعلیٰ کے دفتر کے علاوہ وزیر برائے اقلیتی امور، اقلیتی سکریٹری ڈاکٹر شاملا اقبال (آئی اے ایس)، ڈائریکٹوریٹ آف مائنارٹیز کے ڈائریکٹر جیلانی موکاشی، کرناٹک اسٹیٹ مائنارٹی کمیشن کے سکریٹری ڈاکٹر معاذالدین خان، وزیر منصوبہ بندی ڈی سودھاکر، چیف ایویلیوایشن آفیسر منوج جین (آئی اے ایس) اور ڈائریکٹوریٹ آف اکنامکس اینڈ اسٹیٹسٹکس کے ڈائریکٹر چندرشیکھر گوڈی کو بھی پیش کی گئی ہے۔تنظیم نے دیگر سماجی و فلاحی اداروں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اقلیتوں سے متعلق اپنے مطالبات اور تجاویز متعلقہ محکموں کو پیش کریں اور انہیں عوامی سطح پر بھی شیئر کریں تاکہ مسائل اور چیلنجز سے متعلق شعور بیدار ہو سکے۔آئی ایم سی ای ٹیم نے امید ظاہر کی ہے کہ حکومت اقلیتی مسائل کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے گی۔
Post a Comment