Ramadan Spirit Enlivens Ilkal with Iftar and Taraweeh Gatherings الکل میں رمضان کی مذہبی و سماجی سرگرمیاں جاری

الکل میں ماہِ رمضان کی روح پرور رونقیں، مساجد میں افطار و تراویح کا باقاعدہ اہتمام

مدینہ مسجد سمیت مختلف مقامات پر روزہ داروں کے لیے اجتماعی افطار اور عبادات

الکل 26 فروری (سلیمان چوپدار)

ماہِ رمضان المبارک کے بابرکت ایام میں شہر الکل کے ہر علاقے میں روحانی رونقوں کا دلکش منظر دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی شہر کی تمام مساجد میں نمازیوں کی بھرپور حاضری دیکھنے میں آ رہی ہے۔ باجماعت نمازوں کے ساتھ تراویح، حفظِ قرآن اور افطار کے اجتماعات باقاعدگی سے منعقد ہو رہے ہیں۔رمضان کے پہلے عشرے میں خصوصی طور پر افطار کے اجتماعات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ مدینہ گلی، صندل گاہ میں واقع مدینہ مسجد میں چیئرمین الحاج عبدالرزاق ٹٹگار کی سرپرستی میں روزانہ افطار کا نظم کیا جا رہا ہے۔ یہاں روزہ داروں کے لیے لذیذ و متنوع اشیائے خورد و نوش، جن میں الکل کی مشہور مرچ بتی، بریڈ بجی اور مختلف اقسام کے پھل شامل ہیں، پیش کیے جا رہے ہیں۔الحاج عبدالرزاق ٹٹگار کے رضاکار خدمتِ خلق کے جذبے سے سرشار ہو کر نہایت خوش اسلوبی سے انتظامات سنبھال رہے ہیں۔ اسی طرح شہر کی دیگر مساجد میں بھی افطار کے بہترین انتظامات کیے جا رہے ہیں، جہاں روزہ داروں کو سہولت اور احترام کے ساتھ افطار کرایا جا رہا ہے۔خوشی کی بات یہ ہے کہ تراویح کی نماز میں قرآنِ مجید سنانے کے لیے شہر الکل کے نوجوان حفاظِ کرام خدمات انجام دے رہے ہیں، جو اہلِ شہر کے لیے باعثِ فخر ہے۔ماہِ رمضان کی یہ روحانی فضا اہلِ شہر میں اخوت، محبت اور عبادت کا جذبہ مزید مستحکم کر رہی ہے۔

0/Post a Comment/Comments