شیموگہ میں طالب علم سنکیت کے قتل کے بعد منشیات کے خلاف عوامی احتجاج
ہندو–مسلم برادری متحد، گانجہ و غیر قانونی شراب پر سخت کارروائی کا مطالبہ
شیموگہ، 26 فروری (حقیقت ٹائمز)
ایس ایس ایل سی کے طالب علم سنکیت کے بہیمانہ قتل کے بعد مقامی عوام میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ واقعہ کے پس منظر میں شہریوں نے مذہبی تفریق کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ہندو اور مسلم برادری کے افراد نے متحد ہو کر گانجہ اور غیر قانونی شراب کی فروخت کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کیا اور فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔سولے بائل علاقے میں پیش آئے اس افسوسناک واقعہ کو لے کر عوام کا کہنا ہے کہ علاقے میں طویل عرصے سے جاری گانجہ کی کھلے عام فروخت اور غیر قانونی شراب کی چھوٹی دکانیں ہی اس قتل کی بنیادی وجہ ہیں۔ مقامی افراد نے الزام عائد کیا کہ منشیات کی آسان دستیابی کے سبب نوجوان اور اسکولی بچے گمراہ ہو رہے ہیں، جس کے نتیجے میں جرائم میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔احتجاج میں شریک مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ علاقے میں جاری غیر قانونی سرگرمیوں پر فوری روک لگائی جائے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو نوجوان نسل کا مستقبل خطرے میں پڑ سکتا ہے۔شہریوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ منشیات اور غیر قانونی شراب کے اڈوں کو بند کر کے علاقے میں امن و امان کو یقینی بنائے، تاکہ ایسے افسوسناک واقعات کی دوبارہ تکرار نہ ہو۔
Post a Comment