ریاست کی 60 سے زائد رہائشی اسکولوں میں ’انوویشن لیب‘ قائم کی جائیں گی: این ایس بوس راجو
دیہی طلبہ میں سائنسی مزاج اور عملی تعلیم کے فروغ پر حکومت کا زور
بنگلور، 26 فروری (حقیقت ٹائمز)
ریاستی وزیر برائے چھوٹی آبپاشی، سائنس و ٹیکنالوجی این ایس بوس راجو نے اعلان کیا ہے کہ طلبہ میں ابتدائی مرحلے ہی سے سائنسی رجحان پیدا کرنے اور عملی سرگرمیوں کے ذریعے سیکھنے کے عمل کو فروغ دینے کے مقصد سے ریاست کی 60 سے زائد رہائشی اسکولوں میں ’’انوویشن لیب‘‘ قائم کی جائیں گی۔وہ آج محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے جواہر لال نہرو پلانیٹوریم میں منعقدہ قومی یومِ سائنس تقریب کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کر رہے تھے۔وزیر موصوف نے بتایا کہ دیہی علاقوں کے طلبہ کو ٹیکنالوجی کی طرف راغب کرنے کے لیے ریاست بھر میں ’’نہرو اسٹریم لیب‘‘ اور ’’انوویشن لیب‘‘ قائم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کلیان کرناٹک ریجنل ڈیولپمنٹ بورڈ (کے کے آر ڈی بی) کے تعاون سے کلیان کرناٹک خطے کی کرناٹک پبلک اسکولوں (کے پی ایس) میں جدید طرز کی ’’نہرو اسٹریم لیب‘‘ تعمیر کی جا رہی ہیں۔مزید برآں، سال 2025-26 کے دوران ایس سی ایس پی/ٹی ایس پی فنڈ کے تحت 6 کروڑ روپے کی لاگت سے ریاست کی 60 سے زائد رہائشی اسکولوں میں ’’انوویشن لیب‘‘ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

این ایس بوس راجو نے کہا کہ ’’سائنس کو عوامی زندگی کی بہتری کا لازمی حصہ بنانا ہوگا۔ ’سب کے لیے سائنس‘ اور ’آسان سائنس‘ کے تصور کے ساتھ ہم چاہتے ہیں کہ طلبہ میں اسکولی سطح ہی سے سائنسی مزاج کو فروغ دیا جائے۔‘‘انہوں نے واضح کیا کہ صرف نصابی کتابوں تک محدود رہنے کے بجائے سرگرمیوں پر مبنی تعلیم کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے، اور یہ اقدام دیہی طلبہ میں جدت طرازی اور مستقبل کی ٹیکنالوجی کے تئیں دلچسپی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔وزیر تعلیم مدھو بنگارپا نے اپنے خطاب میں طلبہ پر زور دیا کہ وہ سائنسی سوچ کو فروغ دیں اور نئی چیزوں کی جستجو کا جذبہ پیدا کریں۔وزیر برائے اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر ایم سی سدھاکر نے کہا کہ طلبہ کو موبائل فون کے بے جا استعمال سے گریز کرتے ہوئے تعلیم اور کھیلوں میں دلچسپی بڑھانی چاہیے اور دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے نئی تحقیقات کی طرف قدم بڑھانا چاہیے۔تقریب کے دوران اسرو کے سابق چیئرمین ڈاکٹر کرن کمار نے طلبہ کو حلف دلایا۔ اسی موقع پر سائنسی تحقیق کے میدان میں بین الاقوامی سطح پر شناخت حاصل کرنے والے طلبہ—کیرت کور، ایس یامنی، ریشما جے وی اور لکشمی جی—کو تہنیت پیش کی گئی۔اس پروگرام میں وزیر پریانک کھرگے، آئی ٹی، بی ٹی و سائنس و ٹیکنالوجی محکمہ کی سیکریٹری این منجولا، نہرو پلانیٹوریم کے گرو پرساد سمیت کئی معزز شخصیات شریک تھیں۔

Post a Comment