Mass Marriage Ceremony Held for 10 Couples in Sira سرا میں اجتماعی شادیاں

ایک انسان کا دوسرے کے کام آنا ہی حقیقی خدمتِ خلق ہے: عبداللہ خان

سرا میں 10 جوڑوں کی اجتماعی شادیاں، مخیر حضرات کے تعاون سے تقریب منعقد

سرا، 16 فروری (ارشاد احمد)

 ’’ایک انسان کا دوسرے انسان کے کام آنا ہی اصل خدمتِ خلق ہے۔ اللہ تعالیٰ نے جنہیں مال و دولت سے نوازا ہے، ان پر لازم ہے کہ وہ ضرورت مندوں کی مدد کریں، کیونکہ یہ اللہ کو سب سے زیادہ پسندیدہ عمل ہے۔‘‘ ان خیالات کا اظہار کانگریس لیڈر اور کے پی سی سی مائنارٹی شعبہ کے مقامی صدر عبداللہ خان نے فرینڈس ویلفیئر آرگنائزیشن اور اپکار گروپس کے اشتراک سے اپکار پیلس میں منعقدہ اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ آرگنائزیشن کے ذمہ داران نے غریب لڑکے اور لڑکیوں کی شادیاں کرا کر ایک عظیم سماجی خدمت انجام دی ہے۔ صرف مالی تعاون کرنا ہی کمال نہیں بلکہ اجتماعی شادیوں کا اہتمام کرنا ایک نہایت مشکل اور ذمہ دارانہ کام ہے۔ مستحق جوڑوں کی نشاندہی، ان کی تصدیق، دولہا دلہن کے لیے ضروری سامان کی فراہمی اور مہمانوں کے لیے کھانے پینے کا انتظام کرنا ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے، جسے آرگنائزیشن نے بخوبی انجام دیا ہے۔ انہوں نے تمام منتظمین کو مبارکباد پیش کی اور اپکار گروپ کی جانب سے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ بھی ایسے نیک کاموں میں ہر ممکن تعاون جاری رہے گا۔اس موقع پر اڈوکیٹ نصراللہ خان نے تمام نو بیاہتا جوڑوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج سے ان کی نئی زندگی کا آغاز ہو رہا ہے۔ انہوں نے نصیحت کی کہ باہمی سمجھ داری اور محبت کے ساتھ زندگی گزاریں تاکہ دونوں خاندانوں میں اتحاد و اتفاق قائم رہے۔آرگنائزیشن کے صدر ناصر خان نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت شہر سرا اور اطراف کے دیہات سے تعلق رکھنے والے کل 10 جوڑوں کی اجتماعی شادیاں انجام دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ دولہا دلہن کو بیرو (الماری)، پلنگ، کپڑے، ایک ماہ کا راشن اور دیگر ضروری گھریلو سامان بطور تحفہ فراہم کیا گیا، جبکہ دونوں خاندانوں اور مہمانوں کے لیے کھانے کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ناصر خان نے مزید کہا کہ شہر کے متعدد مخیر حضرات نے اس کارِ خیر میں تعاون کیا، جس پر ادارہ تمام معاونین کا تہہ دل سے شکر گزار ہے اور امید کرتا ہے کہ آئندہ بھی اسی طرح تعاون جاری رہے گا۔تقریب میں آرگنائزیشن کے صدر ناصر خان، نائب صدر حاتم خان، الیاس خان، عبدالکریم، اپکار گروپ کے ذمہ داران امان اللہ خان، اڈوکیٹ نصراللہ خان، عبداللہ خان، فاروق سمیت شہر کے دیگر اہم سیاسی و سماجی قائدین نے شرکت کی۔

0/Post a Comment/Comments