بنگلورو میں منشیات کے خلاف بڑی کارروائی، غیر ملکیوں سمیت ملزمان گرفتار
کروڑوں مالیت کی ممنوعہ اشیاء ضبط، بین الاقوامی نیٹ ورک کی تفتیش جاری
بنگلورو، 17 فروری (حقیقت ٹائمز)
بنگلورو سٹی پولیس کے سنٹرل کرائم برانچ (سی سی بی) کے انسدادِ منشیات وِنگ اور شہر کے مختلف پولیس تھانوں کی حدود میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ممنوعہ منشیات فروخت کرنے والے 3 غیر ملکی شہریوں اور دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے 12 افراد سمیت مجموعی طور پر 15 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ سٹی پولیس کمشنر سیمنت کمار سنگھ کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے ہائیڈرو گانجا، گانجا، ایم ڈی ایم اے، کوکین، ایل ایس ڈی گولیاں، ایل ایس ڈی اسٹرپس اور ہیشش آئل جیسی ممنوعہ منشیات برآمد کی گئی ہیں۔ ضبط شدہ اشیاء میں تقریباً 9 کلو 460 گرام ہائیڈرو گانجا، بڑی مقدار میں گانجا، 131 گرام کوکین، 462 ملی لیٹر ہیشش آئل، 29 ایل ایس ڈی گولیاں، 27 گرام ایل ایس ڈی اسٹرپس، ایک کار، ایک دو پہیہ گاڑی، 4 موبائل فون اور 24 ہزار 500 روپے نقد شامل ہیں۔ ضبط شدہ منشیات اور دیگر سامان کی مجموعی مالیت تقریباً 10 کروڑ 59 لاکھ روپے بتائی گئی ہے، جبکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں اس کی قیمت تقریباً 21.50 کروڑ روپے کے لگ بھگ ہے۔پولیس کو مختلف ذرائع سے خفیہ اطلاع ملی تھی کہ امرتہلی، ہیبّاگوڈی، جے بی نگر، شیشادرپورم، مہالکشمی لے آؤٹ اور گووندپورہ تھانوں کی حدود میں منشیات کی فروخت جاری ہے۔

ان اطلاعات کی بنیاد پر این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے، جس کے نتیجے میں مذکورہ ملزمان کو مختلف تاریخوں میں گرفتار کیا گیا۔ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ زیادہ منافع کمانے کی غرض سے بیرونِ ملک اور دیگر ریاستوں کے نامعلوم افراد سے منشیات حاصل کر کے طلبہ اور آئی ٹی/بی ٹی شعبے سے وابستہ ملازمین کو فروخت کرتے تھے۔پولیس کے مطابق منشیات فراہم کرنے والے بیرونی اور دیگر ریاستوں کے نیٹ ورک کا سراغ لگانے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے اور اس سلسلے میں کارروائی کو وسعت دی جا رہی ہے۔یہ کارروائیاں ڈپٹی کمشنرز آف پولیس—کرائم 02 کے راجہ امام قاسم، نارتھ کے بی ایس نیمگاؤڈ (آئی پی ایس)، سینٹرل کے اکشے ایم ہاکے (آئی پی ایس)، ایسٹ کے ڈاکٹر وکرم امٹے (آئی پی ایس)، نارتھ ایسٹ کے جی کے متھن کمار (آئی پی ایس) اور الیکٹرانک سٹی ڈویژن کے ایم نارائن (آئی پی ایس)—کی نگرانی میں انجام دی گئیں۔ اس کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنرز آف پولیس اور متعلقہ پولیس انسپکٹرس و عملہ نے مشترکہ طور پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی۔
Post a Comment