Head Constable Killed in Road Accident During Night Patrol in Srinivaspur رات کی گشت میں حادثہ، ہیڈ کانسٹیبل جاں بحق

سرینواس پور میں رات کی گشت کے دوران سڑک حادثہ، پولیس ہیڈ کانسٹیبل جاں بحق

پناساماکلہلی کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر، تحقیقات جاری

سرینواس پور (شبیر احمد)

تعلقہ سرینواس پور میں رات کی گشت کے دوران پیش آئے ایک افسوسناک سڑک حادثہ میں پولیس ہیڈ کانسٹیبل جاں بحق ہوگئے۔ یہ حادثہ پناساماکلہلی کے قریب پیش آیا۔مہلوک کی شناخت 45 سالہ آنند بابو کے طور پر ہوئی ہے، جو گزشتہ ڈیڑھ سال سے سرینواس پور پولیس اسٹیشن میں ہیڈ کانسٹیبل کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق آنند بابو حسبِ معمول اپنی دو پہیہ گاڑی پر رات کی گشت پر مامور تھے کہ اسی دوران ایک تیز رفتار بولیرو گاڑی نے ان کی موٹر سائیکل کو زور دار ٹکر مار دی۔ تصادم کی شدت کے باعث بولیرو بے قابو ہو کر سڑک کنارے موجود بجلی کے کھمبے سے جا ٹکرائی اور بعد ازاں قریبی نالی میں جا گری۔حادثہ انتہائی شدید تھا اور آنند بابو موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ اطلاع ملتے ہی اعلیٰ پولیس حکام جائے حادثہ پر پہنچے اور موقع کا معائنہ کیا۔اس ضمن میں سرینواس پور پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور حادثہ کے ذمہ دار گاڑی اور اس کے ڈرائیور کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔فرض شناس افسر کی اچانک موت پر پولیس محکمہ کے افسران و اہلکاروں اور مرحوم کے اہلِ خانہ نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

0/Post a Comment/Comments