Grand Preparations Complete for Hampi Utsav 2026 لاکھوں سیاحوں کی آمد، ہمپی ایک بار پھر مرکزِ توجہ

ہمپی اُتسو–2026 کا آغاز 13 فروری سے، چھ بڑے اسٹیجوں پر تقاریب

وزیر اعلیٰ افتتاح کریں گے، 15 کروڑ کے بجٹ سے عظیم الشان انتظامات

ہوسپیٹ، 11 فروری (جی چندراکانتھ)

عالمی شہرت یافتہ تاریخی مقام اور سابقہ وجئے نگر سلطنت کے دارالحکومت ہمپی میں 13، 14 اور 15 فروری کو تین روزہ عظیم الشان ’’ہمپی اُتسو–2026‘‘ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ضلع انچارج وزیر ضمیر احمد خان نے بدھ کے روز مختلف اسٹیج اور انتظامی تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد پریس کانفرنس میں اس کی تفصیلات فراہم کیں۔انہوں نے بتایا کہ 13 فروری کو وزیر اعلیٰ سدارامیا اس ثقافتی جشن کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔ اس موقع پر ہمپی کے مختلف مقامات پر قائم چھ بڑے اسٹیجوں پر متنوع ثقافتی پروگرام پیش کیے جائیں گے۔ ایم۔ پی۔ پرکاش اسٹیج مرکزی اسٹیج ہوگا، جہاں تقریباً 50 ہزار افراد کے بیٹھنے کا انتظام کیا گیا ہے۔اس سال کے جشن میں سینڈل ووڈ (کنڑا فلم انڈسٹری) کے معروف اداکار اور فنکار شرکت کریں گے، جن میں ہٹرک ہیرو شیوراج کمار، اشوینی پونیت راج کمار، گولڈن اسٹار گنیش، رکشت شیٹی، رچیتا رام، ڈالی دھننجئے اور بگ باس کے فاتح گلیناتھ سمیت دیگر فنکار شامل ہیں۔ہمپی اور اس کے اطراف تقریباً 50 کلومیٹر کے دائرے میں خصوصی لائٹنگ کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ سیاحوں کو دلکش ماحول فراہم کیا جا سکے۔ ہکا اور بکا کے تاریخی پس منظر پر مبنی خصوصی لائٹ اینڈ ساؤنڈ شو بھی پیش کیا جائے گا۔عوام اور زائرین کی سہولت کے لیے کرشنا مندر کے قریب حکومت کی جانب سے مفت کھانے اور ناشتے کا انتظام کیا گیا ہے۔ جشن کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تقریباً 2 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔وزیر موصوف کے مطابق اس سال کے جشن کے لیے تقریباً 14 سے 15 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ گزشتہ برس کے مقابلے اس مرتبہ زیادہ ہجوم کی توقع کی جا رہی ہے، اور اندازہ ہے کہ تقریباً 8 سے 10 لاکھ افراد اس تین روزہ ثقافتی میلے میں شرکت کریں گے۔ بڑھتی ہوئی بھیڑ کو مدنظر رکھتے ہوئے اضافی 15 ہزار نشستوں کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔اس موقع پر ضلع کلکٹر کویتا ایس۔ منّیکیری، سی ای او نونگجے محمد علی اکرم شاہ، ایس پی جاہنوی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ہمپی اُتسو نہ صرف کرناٹک بلکہ پورے ملک کے لیے ثقافتی ورثے، فنونِ لطیفہ اور تاریخی عظمت کا نمائندہ جشن تصور کیا جاتا ہے، جو ہر سال ہزاروں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتا ہے۔

0/Post a Comment/Comments