GAFX 2026 Summit to Kick Off in Bengaluru with Exclusive ‘Kantara: Chapter 1’ Showcase جی اے ایف ایکس 2026: بنگلورو میں تخلیقی صنعتوں کا عالمی سمٹ

بنگلورو میں ہفتہ سے جی اے ایف ایکس 2026 سمٹ کا آغاز

کانتارا: باب 1 کے پسِ پردہ مناظر سمیت عالمی تخلیقی صنعتوں کی بڑی نمائش

بنگلورو، 24 فروری (حقیقت ٹائمز) 

 حکومتِ کرناٹک، بنگلورو اینیمیشن انڈسٹری ایسوسی ایشن  کے اشتراک سے 27 فروری سے یکم مارچ 2026 تک شہر کے لَلِت اشوک ہوٹل میں جی اے ایف ایکس 2026 ء سمٹ کے ساتویں ایڈیشن کا انعقاد کرے گی۔ریاستی وزیر برائے دیہی ترقی و پنچایت راج، اطلاعات اور بایو ٹیکنالوجی پریانک کھرگے نے بتایا کہ تین روزہ اس عالمی سمٹ میں اینیمیشن، وی ایف ایکس، گیمنگ، کامکس، ایکس آر  اور امیسرسیو میڈیا سے وابستہ تخلیق کار، اسٹوڈیوز اور صنعت کے قائدین شرکت کریں گے۔ یہ پلیٹ فارم ماہرین اور صنعت کاروں کو ایک جگہ جمع کرے گا تاکہ تخلیقی اور تکنیکی تبادلۂ خیال کو فروغ دیا جا سکے۔سمٹ کا افتتاح وزیرِ اعلیٰ سدارامیا اور نائب وزیرِ اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کریں گے۔ اعزازی مہمانوں میں آئی ڈی جی ایس کے چیئرمین اور جیٹ سنتھیسس کے بانی و سی ای او راجن نوانی، نیز اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسر سدیپ سنجیو بھی شریک ہوں گے۔پریانک کھرگے کے مطابق، اس بار پہلی مرتبہ جی اے ایف ایکس میں خصوصی ’’پسِ پردہ‘‘ سیشنز منعقد کیے جائیں گے۔ ان میں ڈی این ای جی کی آسکر نامزد مختصر فلم ‘کارڈ بورڈ’ کا تفصیلی جائزہ، آسکر نامزد فلم ‘دی لاسٹ ورلڈ’ پر سیشن، “ڈیڈپول اینڈ وولورین: دی آرٹ آف بلڈ اینڈ گٹس” پر پریزنٹیشن، اور نیٹ فلکس کے مقبول اینیمیٹڈ شو ‘کروکشیتر’ پر خصوصی نشست شامل ہے۔اس کے علاوہ فلم ‘کانتارا: باب 1’ کے پسِ پردہ مناظر کی خصوصی جھلک بھی پیش کی جائے گی۔ سمٹ میں اینیمیشن، وی ایف ایکس اور گیمنگ کے شعبوں میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے استعمال اور اے آئی سے چلنے والی پروڈکشن پائپ لائنز پر بھی تفصیلی مباحث ہوں گے۔حکومت کا کہنا ہے کہ جی اے ایف ایکس 2026 تخلیقی صنعتوں کو عالمی سطح پر متعارف کرانے اور کرناٹک کو ڈیجیٹل و تخلیقی معیشت کے اہم مرکز کے طور پر مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔

0/Post a Comment/Comments