Computer Education Essential in Modern Era: Abdullah Khan کمپیوٹر تعلیم کی اہمیت پر زور

طالبات کو ہنر مند اور خود کفیل بنانا وقت کی ضرورت: عبداللہ خان

اے ایم ایس کمپیوٹر سنٹر کے تیسرے بیاچ کی پچاس طالبات میں اسناد تقسیم

سرا، 17 فروری (ارشاد احمد)

 تیز رفتار ترقی کے اس دور میں کمپیوٹر کی تعلیم بے حد ضروری ہو چکی ہے، کیونکہ آج ہر دفتر اور کمپنی میں زیادہ تر کام کمپیوٹر کے ذریعے انجام دیا جا رہا ہے، حتیٰ کہ جدید اسکولوں میں بھی ڈیجیٹل نظام کے تحت تعلیم دی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار کے پی سی سی مائنارٹی یونٹ کے نائب صدر اور کونسلر عبداللہ خان نے بیگم محلہ میں قائم اے ایم ایس کمپیوٹر سنٹر کی جانب سے مختلف کورس مکمل کرنے والی طالبات میں سرٹیفکیٹس کی تقسیم کے موقع پر کیا۔انہوں نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ رسمی تعلیم کے ساتھ ساتھ کمپیوٹر کی مہارت حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اگر آپ کمپیوٹر سیکھ لیں تو مستقبل میں ترقی کے بے شمار مواقع حاصل ہو سکتے ہیں اور روزگار کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔عبداللہ خان نے سنٹر کی نگران محترمہ عائشہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دو سال قبل اس کمپیوٹر سنٹر کا آغاز کیا تھا اور آج 50 فارغ التحصیل طالبات کو سرٹیفکیٹس حاصل کرتے دیکھ کر خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقے کی طالبات کو کمپیوٹر کے مختلف کورسز کی تربیت دے کر انہیں باصلاحیت اور خود کفیل بنانا ایک قابلِ ستائش اقدام ہے، جس پر محترمہ عائشہ مبارکباد کی مستحق ہیں۔اس موقع پر عبداللہ خان نے کمپیوٹر سنٹر کو مزید وسعت دینے کے لیے اپنی جانب سے کمپیوٹر فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔سنٹر کی نگران عائشہ نے بتایا کہ ان کے ادارے سے کمپیوٹر کی تربیت حاصل کرنے والی کئی لڑکیاں مختلف اداروں میں ملازمت کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تیسرا بیاچ ہے اور اس وقت بھی متعدد طالبات مختلف کمپیوٹر کورسز میں زیرِ تعلیم ہیں۔پروگرام کے دوران تیسری بیاچ کی 50 طالبات میں مہمانوں کے ہاتھوں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر مہمانانِ خصوصی میں مدرسہ فیض العلوم کے بانی و مہتمم مولانا بشیر احمد رشادی، مولانا مدثر، ماہرِ تعلیم سنجے، ایڈوکیٹ ارشیا، ڈاکٹر نرسپا، برگور ارشد، محبوب سمیت دیگر معززین، طلبہ اور والدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

0/Post a Comment/Comments