اردو اشتہار تنازع: بی جے پی بلاوجہ ہنگامہ کر رہی ہے، سدارامیا
اپنے دور میں کام نہ کرنے والی بی جے پی اب صرف احتجاج کی سیاست میں مصروف
میسورو، 25 فروری (حقیقت ٹائمز)
وزیرِ اعلیٰ سدارامیا نے بی جے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب بی جے پی اقتدار میں تھی تو اس نے کوئی خاطر خواہ کام نہیں کیا، اور اب اپوزیشن میں رہتے ہوئے صرف احتجاج کرنے میں مصروف ہے۔وہ آج میسورو ہوائی اڈے پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے محکمۂ صحت کے اشتہار میں اردو زبان کی اشاعت پر جاری تنازعہ کے بارے میں کہا کہ بی جے پی بلاوجہ اس مسئلے کو ہوا دے رہی ہے، حالانکہ اپنے دورِ اقتدار میں اس نے عوامی فلاح کے لیے کوئی نمایاں قدم نہیں اٹھایا۔دھارواڑ میں طلبہ کے احتجاج کا حوالہ دیتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے دو کروڑ روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا، مگر یہ وعدہ پورا نہیں ہوا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ریاست میں بی جے پی کے دورِ حکومت میں بھی کوئی خاص تقرریاں نہیں کی گئیں، اس لیے موجودہ حکومت پر تنقید کرنے کا بی جے پی کو کوئی اخلاقی حق حاصل نہیں۔سدارامیا نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں میں اندرونی ریزرویشن کے مسئلے کے باعث تقرری کے عمل میں کچھ تاخیر ہوئی، تاہم اب جلد ہی تقرریوں کا عمل شروع کیا جائے گا اور مرحلہ وار خالی اسامیوں کو پُر کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ان کی حکومت اپنے وعدوں کے مطابق سرکاری بھرتیاں کرے گی اور اس سلسلے میں آئندہ بجٹ میں بھی اعلان کیا جائے گا۔
Post a Comment