CM Siddaramaiah Praises Veerappa Moily’s Pro-Poor Stand, Stresses Socially Relevant Education سدارامیا کا تعلیم اور سماجی انصاف پر زور

ویراپا موئیلی کا غریب نواز مؤقف قابلِ ستائش: وزیرِ اعلیٰ سدارامیا

معاشرتی مسائل کا حل اور مساوی مواقع فراہم کرنا ہی تعلیم کا اصل مقصد قرار

اُڈپی، 25 فروری (حقیقت ٹائمز) 

 وزیرِ اعلیٰ سدارامیا نے کہا ہے کہ آج کے دور میں فکری اور سائنسی بنیادوں پر مبنی تعلیم ناگزیر ہے اور تعلیم کا بنیادی مقصد معاشرے کے مسائل کا ادراک اور ان کا حل تلاش کرنا ہونا چاہیے۔ وہ کارکلا میں کسان سبھا ہال کے افتتاح اور ٹرسٹ کے تحت مہاتما گاندھی ہائی اسکول کی 35ویں سالگرہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔اپنے بچپن کی یادیں تازہ کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ وہ اپنے خاندان کے پہلے گریجویٹ تھے اور ویراپا موئیلی کی طرح انہوں نے بھی جدوجہد بھری زندگی دیکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویراپا موئیلی ہمیشہ سماج کے غریب اور پسماندہ طبقات کے ساتھ کھڑے رہے۔ وکالت کے پیشے میں انہوں نے غریبوں کے مقدمات بلا معاوضہ لڑے اور اپنی پیشہ ورانہ اور سیاسی زندگی میں دیانت داری کو ملحوظ رکھا۔ انہوں نے دعا کی کہ ویراپا موئیلی طویل عمر پائیں اور سماجی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں۔سدارامیا نے کہا کہ کارکلا میں کسان سبھا کے قیام کے بعد ہائی اسکول کا آغاز کر کے نادار اور تعلیمی طور پر پسماندہ بچوں کو تعلیم فراہم کرنا ایک قابلِ تحسین اقدام ہے۔ اسکول نے 35 سال مکمل کر لیے ہیں اور امید ہے کہ یہ ادارہ مزید ترقی کرے گا اور یہاں کے طلبہ فکری اور سائنسی سوچ کو اپنائیں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ اگرچہ ریاست میں شرحِ خواندگی جو کبھی 12 سے 15 فیصد تھی، آج بڑھ کر 75 فیصد ہو چکی ہے، لیکن تعلیم میں سائنسی اور تنقیدی شعور کی کمی محسوس کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کا مقصد سب کو مساوی مواقع فراہم کرنا ہونا چاہیے۔ ایک غیر مساوی سماجی نظام میں نچلے طبقات کو علم و تہذیب سے محروم رکھا گیا تھا۔ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ معاشی اور سماجی آزادی کے بغیر سیاسی آزادی کی کوئی اہمیت نہیں۔وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت اپنے وعدوں پر عمل کرتی ہے اور کارکلا کے عوام کے مطالبات مرحلہ وار پورے کیے جائیں گے۔ 2013 میں پہلی مرتبہ وزیرِ اعلیٰ بننے کے بعد کیے گئے 165 وعدوں میں سے 158 کو پورا کیا گیا۔ 2023 میں دوبارہ اقتدار سنبھالنے کے بعد 590 وعدوں میں سے ڈھائی برسوں میں 243 وعدے پورے کیے جا چکے ہیں۔ گارنٹی اسکیموں پر سالانہ 52 ہزار کروڑ روپے سے زائد خرچ کیے جا رہے ہیں اور تمام طبقات کے غریبوں کو ان اسکیموں کا فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔ اب تک ایک لاکھ بیس ہزار کروڑ روپے گارنٹی منصوبوں پر خرچ کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی دولت کی منصفانہ تقسیم کے لیے حکومت کی کوششیں جاری رہیں گی۔کارکلا میں 2027 میں منعقد ہونے والی تاریخی باہوبلی مہامستکابھیشیک تقریب کے لیے عوامی نمائندوں کی جانب سے مالی تعاون کی درخواست پر وزیرِ اعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت اس عظیم الشان مذہبی تقریب کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

0/Post a Comment/Comments