الکل میں دو روزہ سنی اجتماع کی تیاریاں عروج پر
جماعت اہلِ سنت کرناٹکا کے زیرِ اہتمام انتظامات کو حتمی شکل
الکل 4 جنوری (سلیمان چوپدار)
جماعت اہلِ سنت کرناٹکا کی جانب سے الکل میں منعقد ہونے والے دو روزہ سنی اجتماع کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ اس سلسلے میں جماعت کے نوجوانان، اراکین اور خواتین یونٹ بھرپور انداز میں انتظامی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ حضرت سید شاہ مرتضیٰ قادری رحمۃ اللہ علیہ کی درگاہ کے احاطے میں اجتماع کے انعقاد کے پیش نظر صفائی ستھرائی، پنڈال کی تیاری، بجلی لائنوں کی درستگی، پارکنگ، پینے کے پانی، وضو و طہارت اور دیگر بنیادی سہولیات کا انتظام کیا جا رہا ہے، تاکہ شرکاء کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔منتظمین کے مطابق 10 تاریخ کو خواتین کا خصوصی اجتماع منعقد ہوگا، جس میں اطراف و اکناف کے شہروں سے ہزاروں خواتین کی شرکت متوقع ہے، جبکہ 11 تاریخ کو مردوں کا بڑا سنی اجتماع ہوگا، جس میں بڑی تعداد میں افراد شریک ہوں گے۔اس اجتماع کی تیاریوں میں جماعت اہلِ سنت کرناٹکا کے صدر اور اراکین کے ساتھ ساتھ محمد یونس مدگل، محبوب کندگل، جیلانی چوپدار، احمد مومن، خواجہ حسین کوڈگلی، نبی رسول بنو، محبوب بنو اور اسماعیل مسکی سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں۔ خواتین یونٹ بھی انتظامات کو بہتر سے بہتر بنانے میں مصروف ہے۔دوسری جانب الکل سٹی میونسپل کونسل کی جانب سے بھی بنیادی سہولیات کی فراہمی کا عمل جاری ہے۔ بتایا گیا ہے کہ رکنِ اسمبلی وجے آنند کاشپنور کی ہدایت پر بلدیاتی حکام صفائی، پانی اور دیگر شہری سہولیات کی فراہمی میں تعاون کر رہے ہیں۔منتظمین نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ نظم و ضبط کو برقرار رکھتے ہوئے اجتماع میں شرکت کریں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔
Post a Comment