Haj 2026: Indian Officials Review Pilgrim Facilities in Madinah حج کو آسان اور شفاف بنانے کی تیاری، مدینہ میں اعلیٰ سطحی دورہ

حج 2026 کی تیاریوں کا عملی مرحلہ شروع

مرکزی وزارتِ اقلیتی امور کے سکریٹری کا مدینہ میں انڈین حج پیلگرمز آفس کا تفصیلی دورہ

مدینہ منورہ، 6 جنوری (حقیقت ٹائمز)

حج 2026 کے مؤثر، منظم اور سہل انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے حکومتِ ہند کی جانب سے عملی اقدامات کا آغاز ہو چکا ہے۔ اسی سلسلے میں وزارتِ اقلیتی امور، حکومتِ ہند کے سکریٹری ڈاکٹر چندر شیکھر کمار نے مدینہ منورہ میں واقع انڈین حج پیلگرمز آفس (آئی ایچ پی او) کا دورہ کیا اور ہندوستانی عازمینِ حج کے لیے کیے جا رہے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر قونصل جنرل آف انڈیا، جدہ، فہد احمد خان سوری، جوائنٹ سکریٹری (حج) رام سنگھ، حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہنواز، اور ڈائریکٹر حج ناظم احمد بھی موجود تھے۔وفد نے مشترکہ طور پر حج 2026 کے مختلف انتظامی پہلوؤں پر غور کیا اور زمینی سطح پر سہولتوں کی جانچ کی۔

دورے کے دوران عازمینِ حج کے لیے مدینہ منورہ میں فراہم کی جانے والی رہائشی سہولتوں، طبی خدمات، صحت مراکز، ٹرانسپورٹ اور بنیادی انتظامات کا معائنہ کیا گیا۔ ڈاکٹر چندر شیکھر کمار نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ عازمین کو قیام و طعام، علاج اور رہنمائی کے معاملے میں کسی بھی سطح پر دشواری پیش نہ آئے۔حج قونصل  صدف چودھری نے وفد کو ہندوستانی عازمین کے لیے کیے گئے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی، جس میں مدینہ اور مکہ مکرمہ میں خدمات کی دستیابی، رابطہ نظام اور معاون عملے کے کردار سے آگاہ کیا گیا۔وزارتِ اقلیتی امور نے اس موقع پر واضح کیا کہ حکومت حج 2026 کے انتظامات میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو مرکزی حیثیت دے رہی ہے۔ اسی مقصد کے تحت وزارت کی جانب سے تیار کردہ “حج سویدھا ایپ” کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے، تاکہ عازمین کو درخواست، معلومات، رہنمائی اور شکایات کے ازالے میں سہولت حاصل ہو۔ وزارت کے مطابق یہ ایپ شفاف، عازم مرکوز اور آسان خدمات فراہم کرنے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔واضح رہے کہ حج 2026 کے لیے ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ معاہدہ طے پا چکا ہے، جس کے تحت ہندوستانی عازمین کے لیے کوٹے اور انتظامی تعاون کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ حکومتِ ہند کے وفد کا یہ دورہ اسی سلسلے کی کڑی ہے، جس کا مقصد حج کے انتظامات کو عملی طور پر جانچنا اور بروقت بہتری کو یقینی بنانا ہے۔ حکومتِ ہند نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ حج 2026 کو محفوظ، منظم اور باوقار بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی تال میل رکھا جائے گا، تاکہ ہر عازمِ حج کو سہولت، اطمینان اور روحانی یکسوئی میسر آ سکے۔

0/Post a Comment/Comments