Government to Provide Sewing Machines to Trained Women: T.B. Jayachandra تربیت یافتہ خواتین کو سرکاری سلائی مشینیں فراہم کی جائیں گی: ٹی بی جئے چندرا

ٹیلرنگ تربیت یافتہ خواتین کو سرکاری سلائی مشینیں دینے کا اعلان

خواتین کو خود کفیل بنانے کی سمت اہم قدم، ٹی بی جئے چندرا کا خطاب

سرا، 19 جنوری (ارشاد احمد)

ٹیلرنگ کی تربیت حاصل کرنے والی خواتین کو بااختیار بنانے کے مقصد سے حکومت کی جانب سے سلائی مشینیں فراہم کی جائیں گی۔ اس سلسلے میں چار لاکھ روپے کی منظوری دلانے کی یقین دہانی ٹی بی جئے چندرا نے کرائی ہے، جس کے تحت تربیت مکمل کرنے والی تمام خواتین کو سلائی مشینیں فراہم کی جائیں گی، تاکہ وہ باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔وہ یہ بات اے کے کریش ٹیلرنگ سنٹر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہہ رہے تھے، جہاں 66 تربیت یافتہ خواتین میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت مند خواتین کو ہنر مند بنانے کے مقصد سے کے پی سی سی کے ریاستی نائب صدر عبداللہ خان نے ذاتی وسائل سے ’’اے کے کریش ٹیلرنگ سنٹر‘‘ قائم کیا ہے، جہاں بڑی تعداد میں خواتین کو مفت ٹیلرنگ کی تربیت دی جا رہی ہے۔ ٹی بی جئے چندرا نے عبداللہ خان کی سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ادارے خواتین کو خود کفیل بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

 انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اسی جذبے کے تحت غریب اور ضرورت مند طبقے کی خدمت جاری رکھی جائے گی۔اس موقع پر عبداللہ خان نے بتایا کہ اے کے کریش ٹیلرنگ سنٹر گزشتہ ایک سال سے مسلسل خدمات انجام دے رہا ہے۔ یہ مرکز شہر کے وارڈ نمبر 19 میں واقع ہے، جہاں خواتین کو مفت ٹیلرنگ کی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ سنٹر کی نگرانی محترمہ عمیرہ کر رہی ہیں، جو نہایت لگن اور دلچسپی کے ساتھ خواتین کو تربیت دے رہی ہیں۔ ٹیلرنگ سیکھنے کی خواہشمند خواتین مزید معلومات اور داخلے کے لیے عمیرہ میڈم سے رابطہ کر سکتی ہیں۔تقریب میں ڈاکٹر امان اللہ خان، نصراللہ خان، نواز خان، فیاض خان، محمد جعفر، عبدالقادر کے علاوہ بڑی تعداد میں مرد و خواتین سماجی کارکنان نے شرکت کی۔

0/Post a Comment/Comments