تین روزہ ہمپی اُتسو کے لیے پانچ اسٹیج قائم کیے جائیں گے
افسروں کے ہمراہ ضلع انچارج وزیر کا معائنہ، تیاریاں زوروں پر
وجے نگر، 18 جنوری (جی چندرکانتھ)
عالمی شہرت یافتہ ہمپی اُتسو کو اس سال 13 فروری سے تین روز تک نہایت شاندار اور ثقافتی وقار کے ساتھ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس موقع پر مرکزی اسٹیج سمیت مجموعی طور پر پانچ اسٹیجوں پر متنوع ثقافتی پروگرام پیش کیے جائیں گے۔ یہ بات ریاستی وزیر برائے ہاؤسنگ، وقف و اقلیتی امور اور ضلع انچارج وزیر بی۔ زیڈ۔ ضمیر احمد خان نے کہی۔وزیر موصوف نے ہمپی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہمپی اُتسو کے مرکزی اسٹیج اور دیگر مجوزہ اسٹیجوں کے مقامات کا معائنہ کیا۔ اس کے علاوہ گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے مختص مقامات کا بھی جائزہ لیا۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 13 فروری کو ریاست کے وزیر اعلیٰ ہمپی اُتسو کا باضابطہ افتتاح کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام تک پروگراموں کی مکمل معلومات پہنچانے کے لیے وسیع پیمانے پر تشہیری مہم چلانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ قومی اور بین الاقوامی سطح کے فنکاروں کو مدعو کرنے سے متعلق تجاویز موصول ہو چکی ہیں اور جلد ہی فنکاروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔ اس موقع پر اشونی پنیت راج کمار، دھرو سرجا سمیت دیگر ممتاز شخصیات کو مدعو کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ وزیر نے واضح کیا کہ گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی مقامی فنکاروں کو خصوصی ترجیح دی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ دو برسوں کے مقابلے میں اس مرتبہ اسٹیجوں کے ڈیزائن اور تاریخی یادگاروں کے ماڈل زیادہ منفرد اور دیدہ زیب ہوں گے، تاکہ سیاحوں اور عوام کو ایک نیا تجربہ حاصل ہو۔پارکنگ کے انتظامات کے حوالے سے وزیر موصوف نے کہا کہ گزشتہ سال کی طرز پر اس سال بھی کسانوں سے مشاورت کے بعد اضافی پارکنگ کے لیے جگہ حاصل کی جائے گی۔ اگر اس عمل کے دوران کسانوں کی فصل کو نقصان پہنچتا ہے تو اس کا مناسب معاوضہ ادا کیا جائے گا، تاکہ ٹریفک کی روانی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہگریبومنہلی سے شِیموگہ جانے والی سڑک سمیت اُتسو سے منسلک بعض سڑکوں کی خستہ حالی کی شکایات موصول ہوئی ہیں، جنہیں فوری طور پر درست کرنے کے لیے ضلع کلکٹر کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں شریک ہو کر اس ثقافتی تہوار کو کامیاب بنائیں۔اس موقع پر ضلع کلکٹر کویتا ایس۔ منیکیری، ضلع پنچایت سی ای او نونگجائی محمد اکرم علی شاہ، پولیس سپرنٹنڈنٹ ایس۔ جہنوی اور مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔
Post a Comment