کرناٹک میں انڈسٹریل ٹیکنالوجی انوویشن پارک کے قیام کا معاہدہ
تائیوانی کمپنی کی ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری، 800 ملازمتوں کا امکان
بنگلورو، 5 دسمبر (حقیقت ٹائمز)
کرناٹک حکومت اور تائیوان کی معروف کمپنی الیجینس انٹرنیشنل کمپنی لمیٹڈ کے درمیان آج ایک اہم مفاہمتی معاہدے (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے، جس کے تحت ریاست میں انڈسٹریل ٹیکنالوجی انوویشن پارک قائم کیا جائے گا۔ یہ پارک الیکٹرانکس اور سیمی کنڈکٹر ٹیکنالوجی کے لیے خصوصی مرکز کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے۔معاہدے پر دستخط وزیراعلیٰ سدارامیا، وزیر پریانک کھرگے (ای وی، آئی ٹی، بی ٹی)، اور محکمہ سکریٹری ڈاکٹر منجولا این کی موجودگی میں کیے گئے۔ الیکٹرانکس و آئی ٹی بی ٹی محکمہ کے ڈائریکٹر راہل ایس سنکنور اور الیجینس گروپ کے نائب صدر لارنس چن نے ایم او یو پر باضابطہ دستخط کیے۔ الیجینس گروپ اس منصوبے میں 1000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرے گا، جو آئندہ پانچ برسوں میں مرحلہ وار خرچ کی جائے گی۔ توقع ہے کہ آئی ٹی آئی پی میں کام کرنے والی صنعتی کمپنیوں کے ذریعے 800 سے زائد براہِ راست روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔آئی ٹی آئی پی— تائیوان کی الیکٹرانکس و سیمی کنڈکٹر کمپنیوں کے لیے خصوصی مرکز ہوگا ۔یہ نیا پارک الیکٹرانکس اور سیمی کنڈکٹر کمپنیوں کے لیے عالمی معیار کا مرکز ہوگا،ای ایس ڈی ایم کے شعبے میں کرناٹک کی برتری کو مضبوط کرے گا،تحقیق، جدید تیاری اور نَو اختراعات کو فروغ دے گا،پی سی بی، چِپ ڈیزائن و اسپلائی چین میں مضبوط ڈیولپمنٹ کی بنیاد رکھے گا،تعلیمی اداروں کے اشتراک سے تربیت اور ہنر مندی کے پروگرام چلائے جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ"یہ شراکت داری کرناٹک کو ایڈوانس الیکٹرانکس اور سیمی کنڈکٹر انوویشن کا عالمی مرکز بنانے کی سمت ایک تاریخی قدم ہے۔ آئی ٹی پی آئی نوجوانوں کے لیے معیاری روزگار کے مواقع پیدا کرے گا اور عالمی ویلیو چین میں ہندوستان کی پوزیشن مزید مضبوط ہوگی۔" مسٹر کھرگے نے کہا کہ "کرناٹک آج ہندوستان کی ٹیکنالوجی تحریک کی قیادت کر رہا ہے۔ سیمی کنڈکٹر ڈیزائن، ڈیپ ٹیک اور انوویشن میں ہم سبقت رکھتے ہیں۔ یہ معاہدہ ریاست کے مضبوط الیکٹرانکس و سیمی کنڈکٹر ایکو سسٹم کو مزید رفتار دے گا۔"الیجینس گروپ کے نائب صدر لارنس چن نے کہا کہ "ہم کرناٹک جیسے عالمی سطح پر معروف ٹیکنالوجی مرکز کے ساتھ شراکت داری پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ آئی ٹی پی آئی تائیوانی کمپنیوں کے لیے بھارت میں توسیع کا اہم ذریعہ ثابت ہوگا۔"یہ معاہدہ خود انحصاری، جدید ٹیکنالوجی اور پائیدار صنعتی ترقی کے لیے کرناٹک کی بھرپور عزم کی علامت ہے۔یہ ریاست میں سیمی کنڈکٹر اور ای ایس ڈی ایم شعبے کو عالمی معیار کے مطابق نئی بلندیوں تک لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
Post a Comment