مدنپلی-بنگلور نجی بس ڈیوائیڈر سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی
آندھرا پردیش کی خاتون ہلاک، تین مسافروں کی حالت نازک
سرینواس پور 2 دسمبر (شبیراحمد)
مدنپلی۔بنگلور روٹ پر چلنے والی ایک نجی اسلیپر کوچ بس منگل کی علی الصبح ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں آندھرا پردیش کے پرودّاتوُر کی رہنے والی انیتا (58) موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔ اسپتال ذرائع کے مطابق بس میں سوار تین مسافروں کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔حادثہ منگل کی رات تقریباً ڈیڑھ سے دو بجے کے درمیان منچنولّہ کوٹے گاؤں کے قریب پیش آیا۔ بس تیز رفتاری کے باعث ڈیوائیڈر سے جا ٹکرائی اور اُلٹ کر سڑک کنارے جاگری۔ ٹکر کے زور سے بس کے اگلے پہیے بھی الگ ہو گئے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ڈرائیور کی لاپرواہی ہی اس حادثے کی بنیادی وجہ بنی۔بس میں مجموعی طور پر 40 مسافر سوار تھے جن میں سے کئی زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو سرینواسپور، کولار اور مدنپلی کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔رائلپاڈو پولیس تھانے کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا، کیس درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
Post a Comment