Kerebelchi students demand halt to teacher Sohib Baig's transfer کیرےبلچی اسکول کے طلبہ کا صحیب بیگ کے تبادلے کے خلاف احتجاج

کیرےبلچی میں معاؤن معلم صحیب بیگ کے تبادلے کے خلاف طلبہ کا دھرنا

محکمہ تعلیم سے فوری منسوخی کی اپیل، ایس ڈی ایم سی نے بھی احتجاج کی حمایت کی

کیرےبلچی، 3 دسمبر (الطاف رضوی)

چنگری تعلقہ کے معروف قصبہ کیرےبلچی میں واقع سرکاری اردو ہائی اسکول کے معاؤن معلم صحیب بیگ کے تبادلے کے خلاف طلبہ نے غیر معینہ مدت کا احتجاج شروع کردیا ہے۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ صحیب بیگ کی خدمات نے اس اسکول کو نئی شناخت دی ہے، اس لیے ان کا تبادلہ کسی بھی صورت منظور نہیں۔طلبہ نے میڈیا کو بتایا کہ یہ اسکول سن 2007 میں صرف 22 طلبہ کے ساتھ قائم ہوا تھا، مگر آج یہاں 380 طلبہ و طالبات زیرِ تعلیم ہیں۔ ان کے مطابق اسکول کی ترقی، نظم و ضبط اور تعلیمی معیار کو بلند کرنے میں صحیب بیگ کا نمایاں کردار ہے، جس کی وجہ سے اسکول نے ریاستی سطح پر شناخت حاصل کی۔ اسی کارکردگی کی بنیاد پر پبلک ٹی وی کی جانب سے انہیں ’پبلک ہیرو‘ ایوارڈ بھی دیا جاچکا ہے۔ذرائع کے مطابق صحیب بیگ نے اپنی مرضی سے محکمہ تعلیم میں تبادلے کی درخواست دی تھی، جس کے بعد کونسلنگ کے ذریعے ان کا تبادلہ سرسی ہائی اسکول کے لیے منظور کیا گیا۔ تاہم جیسے ہی یہ خبر طلبہ تک پہنچی، انہوں نے اسکول کے سامنے میدان میں دھرنا دے کر تبادلہ روکنے کا مطالبہ کیا۔اسکول کی ایس ڈی ایم سی صدر سیمہ بانو نے بھی طلبہ کے احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ جب تک محکمہ تعلیم صحیب بیگ کے تبادلے کو منسوخ نہیں کرتا، احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایس ڈی ایم سی کمیٹی کسی بھی صورت انہیں اسکول سے ریلیو نہیں کرے گی۔طلبہ اور مقامی افراد نے متعلقہ حکام سے فوری طور پر تبادلہ روکنے کی اپیل کی ہے۔

0/Post a Comment/Comments