Strict action in Srinivasapur on helmet violations to curb accidents سرینواس پور میں ہیلمٹ قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانہ اور ضبطی

سرینواس پور میں ہیلمٹ نہ پہننے پر حادثات میں اضافہ

پولیس کی سخت کارروائی اور بیداری مہم جاری

سرینواس پور یکم دسمبر (شبیر احمد)

 تعلقہ کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے سڑک حادثات میں ہیلمٹ نہ پہننے کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ تشویش کا باعث بنتا جا رہا ہے۔ اسی پس منظر میں عوام میں بیداری پیدا کرنے اور جان لیوا حادثات کو روکنے کے مقصد سے پولیس نے ہیلمٹ کے لازمی استعمال پر زور دیا ہے۔ یہ بات سرینواس پور کے پولیس انسپکٹر ایم۔ بی۔ گورونکول نے کہی۔اطلاعات کے مطابق، پیر کے روز تعلقہ دفتر کے سامنے پولیس محکمہ کی جانب سے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کو روک کر آگاہی مہم چلائی گئی اور عوام میں ٹریفک قواعد کی پابندی کے متعلق شعور بیدار کیا گیا۔انسپکٹر گورونکول نے بتایا کہ کولار ضلع ایس پی بی۔ نکھل گزشتہ ایک ہفتے سے مختلف پلیٹ فارمز کے ذریعے عوام کو بارہا یہ ہدایات دے رہے ہیں کہ یکم دسمبر سے ہیلمٹ کے بغیر دو پہیہ گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اسی سلسلے میں پولیس کی جانب سے آج اور کل دو دن خصوصی مہم کے ذریعہ سواروں کو ہیلمٹ پہننے کی تلقین کی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جو افراد ہیلمٹ نہ ہونے کی صورت میں اپنی موٹر سائیکل ضبط ہونے سے بچنا چاہتے ہیں، وہ ہیلمٹ خرید کر اس کی رسید دکھا کر اپنی گاڑی لے جا سکتے ہیں۔ تاہم کل سے محکمہ کی ہدایات کے مطابق بغیر ہیلمٹ پکڑے جانے والے سواروں پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ جرمانہ بھرنے کے بعد بھی سواروں کو ہیلمٹ لانا ضروری ہوگا، تبھی ان کی گاڑی واپس دی جائے گی۔واضح رہے کہ ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ بی۔ نکھل پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ یکم دسمبر سے پورے ضلع میں ہیلمٹ لازمی قرار دیا جا رہا ہے۔ گزشتہ ایک ماہ سے ضلع کی تمام پولیس تھانوں کی حدود میں بیداری اجلاس، ریلیاں اور معلوماتی پروگرام منعقد کیے گئے، لیکن عوام کی جانب سے مناسب احتیاط نہ برتنے کی وجہ سے سختی کے ساتھ اس حکم نامے کو نافذ کیا جا رہا ہے۔پولیس نے عوام، خصوصاً دو پہیہ گاڑی سواروں سے اپیل کی ہے کہ وہ حادثات سے بچنے کے لیے ہیلمٹ لازمی پہنیں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کر کے اپنے اور دوسروں کی جان کی حفاظت کریں۔

0/Post a Comment/Comments