Karnataka assures ORR firms of swift action to resolve infrastructure issues آؤٹر رنگ روڈ کے مسائل جلد حل کیے جائیں گے، حکومت کا یقین

آؤٹر رنگ روڈ کوریڈور میں بنیادی سہولتوں کے مسائل جلد حل ہوں گے ۔پریانک کھرگے 

کارپوریٹ نمائندوں کو ٹھوس اقدامات کی یقین دہانی، اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم

بنگلورو، 5 دسمبر (حقیقت ٹائمز) 

بنگلورو کے آؤٹر رنگ روڈ کوریڈور میں درپیش بنیادی سہولتوں، ٹریفک دباؤ اور شہری مسائل کے حل کے لیے ریاستی حکومت نے کارپوریٹ اداروں کو مقررہ مدت میں ٹھوس اقدامات کی یقین دہانی کرائی ہے۔یہ یقین دہانی آج آؤٹر رنگ روڈ کمپنیز ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ اجلاس میں کرائی گئی، جس میں ریاست کے آئی ٹی/بی ٹی اور دیہی ترقی و پنچایت راج وزیر پریانک کھرگے، گریٹر بنگلورو اتھارٹی (جی بی اے) کے کمشنر مہیشور راؤ اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران شریک تھے۔اجلاس میں بین الاقوامی کمپنیوں کے نمائندوں نے حکومت کی توجہ سنگین مسائل کی طرف دلائی جن میں میٹرو اسٹیشنوں تک آخری مرحلے کی کنیکٹیویٹی کی کمی ،سروس روڈز اور فٹ پاتھوں کی خستہ حالی ،اہم جنکشنز پر شدید ٹریفک جام ،گنجان آبادی والے علاقوں میں کوڑا جمع کرنے کی ناقص سہولیات ،مسلسل تعمیراتی کاموں سے ٹیلی کمیونیکیشن میں رکاوٹیں اور مختلف عوامی ٹرانسپورٹ سسٹمز کے درمیان رابطے کی کمی شامل ہیں ۔

نمائندوں نے مؤثر اور مستقل حل کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر مسٹر پریانک کھرگے نے کہا کہ “آؤٹر رنگ روڈ کوریڈور ریاست کی عالمی ٹیکنالوجی معیشت کا مرکز ہے۔ حکومت اس کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر، مقررہ مدت میں، اور زیادہ مؤثر طریقوں سے حل کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا مقصد بنیادی ڈھانچے، ٹریفک کی روانی اور شہری سہولتوں کو اس سطح تک پہنچانا ہے جو عالمی معیار سے ہم آہنگ ہوں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ آؤٹر رنگ روڈ کے تمام دیرینہ مسائل کے مستقل حل کے لیے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو مقررہ مدت میں رپورٹ پیش کرے گی۔جی بی اے کے کمشنر مہیشور راؤ نے کہا کہ “گریٹر بنگلورو اتھارٹی کے قیام کے بعد مختلف محکموں کے درمیان تال میل بہتر ہوا ہے اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی رفتار میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔”انہوں نے کہا کہ کاڈوبیسنہلّی، بیلندور اور مارتہلّی جیسے زیادہ ٹریفک والے علاقوں میں منصوبوں کی مؤثر عمل آوری کے لیےبی بی ایم پی، بی ایم آر سی ایل، ٹریفک پولیس اور دیگر اداروں کے درمیان مسلسل رابطہ برقرار رکھا جا رہا ہے۔اجلاس میں ڈاکٹر منجولا این (سیکریٹری آئی ٹی/بی ٹی محکمہ)،ڈاکٹر روی شنکر (منیجنگ ڈائریکٹر، بی ایم آر سی ایگ)سمیت دیگر سینئر افسران بھی شریک تھے۔


0/Post a Comment/Comments