IMCE and India Bait-ul-Mal Convene Joint Session on Education and Community Issues in Gulbarga گلبَرگہ میں تعلیمی اصلاحات پر آئی ایم سی ای اور انڈیا بیت المال کا اجلاس

گلبَرگہ میں آئی ایم سی ای اور انڈیا بیت المال کا مشترکہ اجلاس

تعلیمی مسائل اور کمیونٹی ترقی پر تبادلہ خیال

گلبَرگہ، 4 دسمبر (حقیقت ٹائمز)

آئی ایم سی ای  ٹیم اور انڈیا بیت المال ٹرسٹ کے اشتراک سے  ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں گلبَرگہ کی بیشتر تنظیموں کے نمائندوں، دانشوروں، مختلف ٹرسٹوں کے اراکین، میڈیا سے وابستہ افراد اور سرکاری محکموں سے ریٹائرڈ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کا آغاز تمام شرکاء کے تعارفی سیشن سے ہوا، جس کے بعد آئی ایم سی ای ٹیم نے اپنے مقاصد، اہداف، ورکنگ ماڈل اور پریزنٹیشن فارمیٹ پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ اجلاس میں مولانا آزاد ماڈل اسکولز، اردو میڈیم اسکولوں اور مدارس کو درپیش چیلنجوں پر جامع گفتگو کی گئی، خصوصاً طلبہ کے امتحانی نتائج میں بہتری ،داخلہ میں اضافہ اور والدین میں بیداری ،کمزور طلبہ کے لیے خصوصی تعلیمی معاونت ،تدریسی طریقۂ کار میں بہتری۔ اس موقع پر آئی ایم سی ای ٹیم کے بانی رحمت پاشاہ صاحب نے شرکاء کے ساتھ ایک انٹرایکٹیو سیشن میں گفتگو کی اور سوالات کے جوابات دیے۔اسرار احمد جنیدی نے کمیونٹی سینٹرز کے قیام اور ڈیٹا بیسڈ سسٹمز کی اہمیت پر روشنی ڈالی، جس کے بعد سوال و جواب کا سلسلہ جاری رہا۔معروف سماجی کارکن ڈاکٹر عبدالرزاق نے صحت کے شعبے سے متعلق سرکاری و مرکزی اسکیموں، ان کے فوائد اور ان سے استفادہ حاصل کرنے کے طریقوں پر معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایکٹیو بنگلور فاؤنڈیشن کے کامیاب ماڈل کو ہر ضلع میں نافذ کیا جائے۔ ان کا سیشن بھی سوالات و جوابات پر مشتمل رہا۔نماز اور طعام کے وقفے کے بعد اجلاس دوبارہ شروع ہوا، جہاں شرکاء نے تقریباً دو گھنٹے تک گفتگو، مشاورت اور تجاویز پیش کیں۔مزید یہ کہ ایک ایڈ ہاک کمیٹی تشکیل دی گئی جو اگلے اجلاس تک اپنا کام جاری رکھے گی۔آئی ایم سی ای ٹیم نے اعلان کیا کہ گلبَرگہ کے مقامی اداروں، دانشوروں اور ریٹائرڈ افسران کے تعاون سے اگلا اجلاس آئندہ دو ماہ کے اندر منعقد کیا جائے گا۔

0/Post a Comment/Comments