بنگلورو کے کے سی جنرل اسپتال میں جدید ترین ’سی بی نیٹ‘ مشین کا افتتاح
ابتدائی مرحلے میں ٹی بی کی درست تشخیص اب صرف 90 منٹ میں ممکن — وزیرِ صحت دنیش گنڈو راؤ
بنگلورو، 5 دسمبر (حقیقت ٹائمز)
صحت و خاندانی بہبود کے وزیر دنیش گنڈو راؤ نے کے سی جنرل اسپتال میں جدید سی بی نیٹ مشین کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں تپ دق (ٹی بی) کی جلد اور درست تشخیص کے لیے یہ ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب صرف 90 منٹ میں ٹی بی کے جراثیم کا پتہ چلایا جا سکتا ہے، جس سے علاج میں تاخیر کم ہوگی اور مریضوں کی جان بچانے میں بڑی مدد ملے گی۔وزیر نے بتایا کہ سگنیٹا انڈیا پرایویٹ لمیٹڈ کمپنی نے اپنے سی ایس آر (کارپوریٹ سوشل ریسپانسیبیلٹی) فنڈ سے تقریباً 1.5 کروڑ روپے مالیت کی سات مشینیں حکومت کو فراہم کی ہیں۔

ان مشینوں میں سے 3 مشینیں وجئے نگر ضلع کو، 3 کولار ضلع کو، اور ایک کے سی جنرل اسپتال کو دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ روایتی مائیکرو اسکوپک ٹیسٹ میں بعض اوقات بیماری کے ابتدائی مرحلے میں ٹی بی کا پتہ نہیں چل پاتا تھا، کیونکہ اس طریقے میں کم از کم 10,000 جراثیم فی ملی لیٹر ہونے پر ہی بیماری کی تصدیق ہو پاتی تھی۔ اس کے مقابلے میں جدید سی بی نیٹ مشین صرف 137 جراثیم فی ملی لیٹر موجود ہونے پر بھی انفیکشن کو شناخت کر لیتی ہے۔وزیرِ صحت نے عوام سے اپیل کی کہ“اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور ریاست کو ’ٹی بی سے پاک‘ بنانے میں حکومت کا ساتھ دیں۔” تقریب میں اسپتال کے انتظامی افسران، ڈاکٹرز اور کمپنی کے نمائندے موجود تھے۔
Post a Comment