CM Siddaramaiah Urges Women to Lead the Fight Against Superstition and Caste Bias سدارامیا کا پیغام: نئی نسل کو خرافات سے دور رکھیں

خواتین کی خدمت، سائنسی فکر اور مساوات—وزیراعلیٰ کا مضبوط پیغام

توہمات، ذات پات اور اندھی عقیدت سے نجات کے بغیر ترقی ممکن نہیں: سدارامیا

بنگلورو، 4 دسمبر (حقیقت ٹائمز)

وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کہا کہ حکومتی انتظامیہ میں خواتین کی خدمات قابلِ ستائش ہیں اور ان کے رول کو مستحکم کرنے کے لیے 13 ستمبر کو " یوم خواتین سرکاری ملازمین " کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ وہ آج بنگلورو میں آل کرناٹکا اسٹیٹ گورنمنٹ ویمن ایمپلائز اسوسی ایشن کے خواتین کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خواتین ملازمین کو ماہانہ ایک دن ماہواری رخصت (پیریڈ لیو) تنخواہ سمیت فراہم کرنے کا حکومتی فیصلہ لیا گیا ہے۔

 اس کے علاوہ، تنظیم کی سرگرمیوں کے لیے بال بھون میں دفتر کی جگہ مہیا کرنے کے سلسلے میں بھی گفتگو جاری ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سرکاری انتظامیہ میں خواتین مردوں کے برابر خدمات انجام دے رہی ہیں اور تقریباً ہر شعبے میں ان کی فعال موجودگی ہے۔ ریاست میں جنس کی بنیاد پر امتیاز کو ختم کرنا حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔وزیر اعلیٰ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں میں فکری بیداری، سائنسی سوچ، اور خرافات و اندھی عقیدت سے دوری پیدا کریں۔انہوں نے بتایا کہ آزادی کے وقت ملک میں شرحِ خواندگی صرف 10 سے 12 فیصد تھی، جو آج بڑھ کر تقریباً 78 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ "خواتین بچوں کی شخصیت سازی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں، اس لیے انہیں سائنسی مزاج کو فروغ دینا ہوگا۔"انہوں نے مدارس، اسکولوں اور کالجوں میں آئین کی تمہید پڑھنے کا حکومتی فیصلہ بھی یاد دلایا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پڑھا لکھا طبقہ بھی آج توہم پرستی کا شکار ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ بچوں کو ذات پات کی بنیاد پر نفرت یا تفریق سکھانا سماج کے لیے نقصان دہ ہے۔انہوں نے کہا کہ "ایک صحت مند اور مساوی معاشرہ اسی وقت ممکن ہے جب ہم خرافات اور اندھی عقیدت کو ختم کریں اور جمہوری قدروں کو فروغ دیں۔"وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شکتی یوجنا کے تحت 3.5 کروڑ خواتین مفت سفر سے فائدہ اٹھا رہی ہیں، جس سے ان کے گھریلو بجٹ کو مدد مل رہی ہے۔ یہ رقم بچوں کی تعلیم اور گھر کے دیگر ضروریات پر خرچ کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ چھٹے اور ساتویں تنخواہ کمیشن کی سفارشات بھی اسی حکومت نے نافذ کی ہیں، جس سے خواتین ملازمین کو براہ راست فائدہ پہنچا ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "آزادی کا حقیقی فائدہ اسی وقت ممکن ہے جب خواتین معاشی اور سماجی طور پر مضبوط ہوں۔"

0/Post a Comment/Comments