ہاسن میں حقِ اطلاعات قانون پر محکمہ جاتی افسران کی تربیتی ورکشاپ
معلومات فراہم کرنے میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی ۔انفارمیشن کمشنر رُدرنّا ہرتیکوٹے
ہاسن 15 نومبر (نامہ نگار)
ریاستی انفارمیشن کمشنر رُدرنّا ہرتیکوٹے نے ضلع کے تمام افسران کو ہدایت دی ہے کہ حقِ اطلاعات (آر ٹی آئی) قانون کے تحت موصول ہونے والی درخواستوں پر مقررہ 30 دن کی مدت کے اندر معلومات فراہم کرنا لازمی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ تاخیر یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ضلع انتظامیہ اور ضلع پنچایت کی جانب سے ضلع پنچایت ہال میں حقِ اطلاعات قانون سے متعلق ضلع سطح کے تمام محکماتی افسران اور پبلک انفارمیشن آفیسرز کے لیے آگاہی اور تربیتی ورکشاپ منعقد کیا گیا، جس کا افتتاح کرتے ہوئے کمشنر نے کہا “آر ٹی آئی قانون عوام اور حکومت کے درمیان ایک مضبوط پل کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ شفاف انتظامیہ اور بدعنوانی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔”انہوں نے بتایا کہ قانون کے نفاذ کو 12 اکتوبر کو 20 سال مکمل ہوئے ہیں، اس دوران کئی اہم تبدیلیاں بھی ہوئی ہیں۔
قانون کے موثر نفاذ کے لیے قواعد کا صحیح علم ضروری ہے، خصوصاً فارم 6(1) کی سمجھ۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت دی کہ درخواستوں پر غفلت نہ برتی جائے،30 دن کے اندر اندر مطلوبہ معلومات فراہم کریں اگر معلومات دستیاب نہ ہو تو تحریری وضاحت دیںمعلومات کی نقول کی فیس، صفحات کی تعداد اور دیگر تفصیلات بروقت بتائیں۔انہوں نے کہا کہ جنوری سے 10 اکتوبر تک ضلع میں 7335 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 7191 کا تصفیہ ہوچکا ہے، جبکہ 144 زیر التواء ہیں۔اسی مدت میں 1059 درخواستیں پہلی اپیل میں گئیں، جن میں سے 984 نمٹائی جاچکی ہیں۔دوسری اپیل میں ہاسن ضلع کی 307 درخواستیں زیر سماعت ہیں۔کمشنر نے بتایا کہ معلومات فراہم نہ کرنے پر ریاست بھر میں اب تک 10.13 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ۔3084 سرکاری ملازمین نے 2.70 کروڑ روپے جرمانہ ادا کیا،ہاسن ضلع میں 217 افسران پر 18.09 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ،45 معاملات میں 4.44 لاکھ روپے جمع ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عہدہ سنبھالتے وقت کمیشن میں 55,498 اپیلیں زیر التواء تھیں، جو باقاعدہ سماعت کے ذریعے کم ہو کر 35,344 رہ گئی ہیں۔دوسرے انفارمیشن کمشنر ایس راج شیکھر نے اپنے خطاب میں کہا “معلومات حاصل کرنا عوام کا بنیادی حق ہے۔ کوئی بھی محکمہ بلا وجہ معلومات روک نہیں سکتا۔” انہوں نے افسران کو مشورہ دیا کہ آر ٹی آئی قانون کی تمام 25 دفعات اچھی طرح پڑھیں،مقررہ وقت میں معلومات فراہم کریں ،درخواست مسترد کرنے کی صورت میں واضح اور قانونی وجہ ضرور دیں ،بلاک میلنگ سے بچنے کے لیے تاخیر نہ کریں ۔کمشنر نے کہا کہ بی پی ایل کارڈ اور آمدنی کا سرٹیفکیٹ منسلک ہونے پر درخواست دہندہ کو سو صفحات تک مفت معلومات فراہم کرنا لازمی ہے۔ورکشاپ کا آغاز معروف سماجی کارکن اور ماحولیاتی علمبردار سالو مرادا تِمّکّا کے انتقال پر دو منٹ کی خاموشی سے کیا گیا۔تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر منجوناتھ، ایڈیشنل ایس پی ونکٹیش نائیڈو، ڈی پی او کرشنامورتی اور مختلف محکموں کے افسران شریک ہوئے۔
Post a Comment