حکومتِ کرناٹک کا عوامی صحت کی سمت بڑا قدم
ہاسن میڈیکل سائنس انسٹی ٹیوٹ کو 27.93 کروڑ روپے کی منظوری
بنگلورو /ہاسن، 13 نومبر (حقیقت ٹائمز)
ہاسن ضلع کے عوامی صحت کے تقاضوں کو بہتر انداز میں پورا کرنے کے لیے حکومتِ کرناٹک نے ہاسن میڈیکل سائنس انسٹی ٹیوٹ کی ترقی کے سلسلے میں ایک اور بڑا فیصلہ لیا ہے۔ وزیر مالگزاری و ضلع انچارج کرشنا بائرے گوڑا نے ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ہاسن ضلع کی ذمہ داری سنبھالنے کے فوراً بعد 22 ستمبر کو سپر اسپیشلٹی اسپتال کی عمارت کی تعمیر اور رُکے ہوئے کاموں کی تکمیل کے لیے 9 کروڑ روپے سے زائد کا فنڈ منظور کیا گیا تھا۔ ان کاموں کی تکمیل تیزی سے جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے اسپتال کو مکمل فعال بنانے کے لیے ایک اور بڑا قدم اٹھایا ہے۔ 6 ستمبر کو اسپتال کے معائنے کے دوران ہدایت دی گئی تھی کہ ابتدائی مرحلے میں کارڈیالوجی، نیورولوجی، نیورو سرجری، یورولوجی اور کارڈیا تھوریسک سرجری کے شعبے قائم کیے جائیں اور ان کے لیے درکار آلات، فرنیچر اور دیگر بنیادی سہولتوں کی تفصیلات کے ساتھ فنڈ کی تجویز پیش کی جائے۔ہاسن میڈیکل سائنس انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے جمع کردہ تجویز کے مطابق، ان پانچ سپر اسپیشلٹی شعبوں کے قیام کے لیے، جس میں کیَتھ لیب اور کارڈیاک یونٹ شامل ہے، 27.93 کروڑ روپے کی ضرورت ظاہر کی گئی تھی۔آج منعقدہ ریاستی کابینہ اجلاس میں حکومت نے اس تجویز کو منظور کرتے ہوئے 27.93 کروڑ روپے کے فنڈ کو منظوری دے دی ہے، تاکہ ہاسن میڈیکل سائنس انسٹی ٹیوٹ کی سپر اسپیشلٹی اسپتال کو جلد از جلد عملی شکل دی جا سکے۔ریونیو وزیر کرشنا بائرے گوڑا نے کہا کہ “یہ منظوری ہاسن ضلع کے عوام کے لیے ایک بڑی راحت ہے۔ میں حکومتِ کرناٹک کے میڈیکل ایجوکیشن کے وزیر اور وزیراعلیٰ سدارامیا کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے عوامی ضرورت کو سمجھتے ہوئے ہماری تجویز کو منظوری دی۔”
Post a Comment