دیوالی پر صرف ماحول دوست سبز آتش بازی کا استعمال کریں — ایشور کھنڈرے
درخت لگانا، پانی بچانا اور آلودگی کم کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے
وجے نگر (ہوسپیٹ)، 11 اکتوبر (نامہ نگار)
وزیرِ جنگلات و ماحولیاتی حیاتیات، ایشور کھنڈرے نے کہا ہے کہ آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے ہر گاؤں میں ایک تالاب اور ہر گھر کے سامنے ایک درخت کے تصور کو فروغ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہر شخص اپنے گھر کے سامنے درخت لگا کر اس کی نگہداشت کا عہد کرے تاکہ ماحولیاتی تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔جمعہ کے روز انہوں نے وجےنگر کے ہوسپیٹ میں، ضلع انتظامیہ اور کرناٹک اسٹیٹ پولوشن کنٹرول بورڈ کے اشتراک سے منعقدہ بورڈ کے گولڈن جوبلی پروگرام کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اس دیوالی میں لازمی طور پر ماحول دوست سبز آتش بازی استعمال کریں اور ماحولیاتی تحفظ میں اپنا حصہ ڈالیں۔وزیر موصوف نے بتایا کہ کرناٹک میں سب سے زیادہ 6395 ہاتھی اور 560 شیر پائے جاتے ہیں، جو ملک میں بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔ ریاست کا 21 فیصد رقبہ یعنی 43 لاکھ ہیکٹر جنگلات پر مشتمل ہے، جن میں 10 اضلاع کے تحت آنے والا مغربی گھاٹ کا علاقہ سب سے اہم ہے، اور اس کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ کارخانوں سے خارج ہونے والی گیسیں اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اضافہ موسمی تغیر اور درجہ حرارت میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔ فیکٹریوں کا آلودہ پانی دریاؤں اور آبی ذخائر میں چھوڑنا بند کیا جائے، اور جو صنعتیں پانی صاف کرنے کے پلانٹ قائم نہیں کرتیں، ان کے خلاف پولوشن کنٹرول بورڈ فوجداری مقدمات درج کرنے اور جرمانہ لگانے کا اختیار رکھتا ہے۔

کرناٹک پولوشن کنٹرول بورڈ کے چیئرمین، پی۔ ایم۔ نریندر سوامی نے کہا کہ بورڈ کی گولڈن جوبلی کے تحت ریاست کے 31 اضلاع میں عوامی بیداری پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں، اور صاف ماحول کے لیے عوام کا تعاون ضروری ہے۔وجےنگر کے رکن پارلیمان ای۔ تکارام نے ضلع کو پلاسٹک سے پاک بنانے کے لیے سی ایس آر فنڈ سے تیار کردہ 8000 کپڑے کے بیاگ عوام میں مفت تقسیم کرنے کے منصوبے کا آغاز کیا۔ اس موقع پر کوپل کے ایم پی کے۔ راج شیکھر بسوراج ہٹنال، مقامی ایم ایل ایز، ضلعی و شہری عہدیدار اور دیگر معززین شریک ہوئے۔
Post a Comment