وزیراعلیٰ سدارامیا کی ہاسنامبا جاترا میں شرکت، عوامی انتظامات کی ستائش
ریاست کے امن، خوشحالی اور کسانوں کی بھلائی کے لیے خصوصی پرارتھنا
ہاسن، 15؍اکتوبر (حقیقت ٹائمز)
وزیراعلیٰ سدارامیا نے ہاسنامبا جاترا میں شرکت کرتے ہوئے عوامی انتظامات کی ستائش کی اور کہا کہ اس سال زائرین کی سہولت کے لیے کیے گئے انتظامات قابلِ تعریف ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر ریاست کے لیے امن، خوشحالی، اچھی بارش، کسانوں کی خوش حالی اور فصلوں کی فراوانی کی دعا کی۔وزیراعلیٰ نے ہاسنامبا دیوی اور سدّیشور سوامی کے درشن کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “میں گزشتہ سال بھی درشن کے لیے آیا تھا، اور اس سال بھی ریاست کے امن و امان، عوامی فلاح، بارش اور زراعت کی ترقی کے لیے دعا کی ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ اس سال ضرورت سے زیادہ بارش کے باعث کسانوں کو جو نقصان ہوا ہے، اس کی تلافی کے لیے این ڈی آر ایف فنڈ کے علاوہ ریاستی حکومت کی جانب سے بھی اضافی معاوضہ دیا جا رہا ہے۔ “ہم نے اتنا معاوضہ دیا ہے جتنا پہلے کبھی کسی حکومت نے نہیں دیا۔ امید ہے کہ آئندہ برس کسانوں کو فصلوں کے نقصان کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔”وزیراعلیٰ نے کہا کہ “ہمارا ریاستی نظریہ کویمپو جی کے خواب کے مطابق ‘تمام طبقات کے امن و محبت کے باغ’ کی طرح ہے۔ ہر مذہب کی تعلیم انسان دوستی اور باہمی ہم آہنگی پر مبنی ہے۔ ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ انسانیت، محبت اور رواداری سے رہنا چاہیے۔”انہوں نے اس موقع پر ضلع کے تمام عوامی نمائندوں اور سرکاری افسران کو شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ہاسنامبا جاترا کے دوران عام عقیدت مندوں کے لیے بغیر کسی وی آئی پی ترجیح کے آسان درشن کی سہولت فراہم کرنے میں بھرپور تعاون دیا۔صحافیوں کے سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر ضرورت محسوس ہوئی تو ہاسنامبا جاترا کے لیے آئندہ بجٹ میں اضافی فنڈ یا مالی امداد فراہم کی جائے گی۔اس موقع پر ضلع انچارج وزیر کرشنا بائیرے گوڑا، رکن اسمبلی شیولنگے گوڑا، رکن پارلیمان شریاس پٹیل، ہُڈ بورڈ کے صدر شیواپّا اور دیگر ضلعی افسران موجود تھے۔
Post a Comment