At Hassan Kabaddi meet, KV Prabhakar praises Gopal Swamy’s people-first politics ہاسن میں پربھاکر کا خطاب — گوپال سوامی کو عوامی جذبے کی علامت قرار دیا

ہاسن میں ایم اے گوپال سوامی کے 55 ویں جنم دن پر کبڈی ٹورنامنٹ کا انعقاد

مزدور رہنما کی سیاسی جدوجہد اور عوامی خدمت پر کے وی پربھاکر کا خراجِ تحسین

ہاسن، 5 اکتوبر (حقیقت ٹائمز) 

 کرناٹک کے معروف مزدور رہنما اور سابق رکن قانون ساز کونسل ایم اے گوپال سوامی کے 55 ویں یومِ پیدائش کے موقع پر ہاسن میں ایک شاندار کبڈی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے میڈیا مشیر کے وی پربھاکر نے افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ گوپال سوامی کی سیاست جدوجہد اور عوامی خدمت کی بنیاد پر قائم ہے، اور وہ ہاسن ضلع کی سیاسی عظمت کو بحال کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔کے وی پربھاکر نے اپنے خطاب میں کہا کہ گوپال سوامی ایک ایسے سیاسی رہنما ہیں جو مزدور تحریک سے سیاست میں آئے اور عوام کے دلوں میں جگہ بنائی۔ ان کی سادگی، خلوص اور عوام دوستی ہی ان کی اصل طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ"ایک اچھے سیاستدان کی پہچان یہ ہے کہ وہ اپنے حلقے اور سماج کی عزت و وقار کو بڑھائے، اور یہ تمام صفات گوپال سوامی میں پائی جاتی ہیں۔"انہوں نے مزید کہا کہ گوپال سوامی نے کسی پرتعیش ریزارٹ میں پارٹی منانے کے بجائے کبڈی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا، جو اس بات کی علامت ہے کہ وہ عوامی جذبات اور کھیلوں کے فروغ کے لیے کتنے سنجیدہ ہیں۔کے وی پربھاکر نے ان کے سیاسی سفر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ "گوپال سوامی نے جے ڈی ایس کے مضبوط قلعے سے ایم ایل سی کا انتخاب جیت کر اپنی مقبولیت ثابت کی۔ اگر اسمبلی انتخابات میں صرف ڈھائی ہزار ووٹوں کا فرق نہ ہوتا تو وہ آج رکن اسمبلی ہوتے۔ شراون بیلگولا کے عوام نے کبھی انہیں تنہا نہیں چھوڑا، مگر چند قریبی افراد کی سیاست نے انہیں نقصان پہنچایا۔"انہوں نے گوپال سوامی کو مزدور طبقے کی نمائندگی کا حقیقی ترجمان قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ وفاداری اور اصول پسندی میں مثال ہیں۔پربھاکر نے مزید کہا کہ اسپتالوں اور شراب خانوں کی کثرت صحت مند معاشرے کی علامت نہیں، بلکہ کھیل کے میدان اور اسپورٹس سرگرمیاں ہی ایک مضبوط اور صحت مند سماج کی نشانی ہیں۔

0/Post a Comment/Comments