بچوں کو معیاری تعلیم دینے کی سب سے بڑی ذمہ داری اساتذہ پر ہے: ایچ۔ آر۔ گووی یپّا
وجے نگر میں یومِ اساتذہ تقریب، بہترین اساتذہ و ریٹائرڈ اساتذہ کو اعزازات سے نوازا گیا
وجےنگر، 19 ستمبر (حقیقت ٹائمز)
رکن اسمبلی ایچ۔ آر۔ گووی یپّا نے کہا کہ اگرچہ اسکولوں کی ترقی اور بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، لیکن بچوں کو معیاری تعلیم دینا اور ان کے مستقبل کو سنوارنا صرف اور صرف اساتذہ کے ہاتھ میں ہے۔وہ جمعہ کے روز محکمہ تعلیم کی جانب سے ڈاکٹر سروپلی رادھا کرشنن کی 137ویں یوم پیدائش کے موقع پر منعقدہ ضلع سطحی یوم اساتذہ تقریب کی صدارت کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں ہوسپیٹ علاقے میں 90 نئے کمرے تعمیر کیے گئے ہیں اور 350 خستہ حال کلاس رومز کی مرمت کرائی گئی ہے۔ مزید کہا کہ شہر کے ضلع اسٹیڈیم کے قریب 5 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک اسپورٹس اسکول تعمیر کیا جا رہا ہے، جس میں کھلاڑیوں کے لیے تربیت، رہائش اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔رکن اسمبلی نے بتایا کہ ضلع کی 117 سرکاری اسکولوں میں سے کم از کم پانچ ہائی اسکولوں کو منتخب کرکے جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ "اسمارٹ اسکولز" میں تبدیل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں تعلیمی معیار نجی اسکولوں سے بہتر ہونا چاہیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کمشنر کویتا ایس۔ منیکری نے کہا کہ گزشتہ تعلیمی سال میں ایس ایس ایل سی کے نتائج حوصلہ افزا رہے ہیں اور ضلع کی تعلیمی ترقی کے لیے اساتذہ کو مزید سنجیدگی اور ایمانداری سے خدمات انجام دینی چاہئیں۔ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ ایس۔ جانہوی اور ریٹائرڈ پروفیسر ڈاکٹر شیوانند نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر ریاستی و ضلعی سطح پر بہترین کارکردگی دکھانے والے اساتذہ کے ساتھ ساتھ ریٹائرڈ اساتذہ کو بھی اعزازات سے نوازا گیا۔تقریب میں ہوسپیٹ اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے صدر ایچ۔ این۔ ایف۔ نیاز، گارنٹی عملدرآمد کمیٹی کے صدر کے۔ شیومورتی، محکمہ تعلیم کے ڈائٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جے۔ ایم۔ تپیسوامی، ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن وینکٹیش رام چندراپا اور مختلف تنظیموں کے عہدیداران شریک ہوئے۔
Post a Comment