لسانی اقلیتی اساتذہ کے مسائل پر گفتگو
وفد کی سلیم احمد سے ملاقات، اردو اسکولوں کی بہتری پر زور
ہبلی،24 ستمبر (اشفاق احمد مدکی)
ریاست کرناٹک لسانی اقلیتی اساتذہ کی فلاحی تنظیم کے ایک وفد نے رکن قانون ساز کونسل و سرکاری چیف وہپ ودھان پریشد، سلیم احمد سے سرکٹ ہاؤس ہبلی میں ملاقات کی۔ اس وفد کی قیادت تنظیم کے ریاستی صدر محمد سلیم مجاور نے کی۔ملاقات کے دوران اُردو اور دیگر لسانی اقلیتی اسکولوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ بالخصوص اردو اسکولوں میں اساتذہ کی تقرری، پرائمری اسکولوں کے لیے اردو جاننے والے انگریزی اساتذہ کی ضرورت، "اردو پرتیبھا کارنجی" اور ای سی او، سی آر پی کے مسائل سمیت کئی نکات پر گفتگو کی گئی۔ وفد نے اردو اسکولوں کو مضبوط بنانے اور سرکاری اسکولوں کی بہتری پر زور دیا۔جناب سلیم احمد نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ تمام نکات وزیر تعلیم کے سامنے رکھ کر ان کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اردو ہائی اسکولز اور اردو پری پرائمری اسکولز پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ مزید برآں، انہوں نے اساتذہ کو ایک مضبوط پلیٹ فارم پر متحد ہو کر باہمی تعاون کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر تنظیم کی جانب سے موصوف کو تہنیت پیش کی گئی اور شکریہ ادا کیا گیا۔ وفد میں نائب صدر میراساب ملا، مختار لالوالے، دھارواڑ ضلع صدر باغبان، یف کے کالے خان، محترمہ ثریا ہلیال، ساجد بغلی، اشفاق کلگتگی، محترمہ کوثر، خواجہ جمعدار ،ویژن فاؤنڈیشن چیئرمین اشفاق احمد مدکی، ڈاکٹر جعفر مجاور اور دیگر اساتذہ شامل تھے۔قابل ذکر ہے کہ ریاستی لسانی اقلیتی اساتذہ کی فلاحی تنظیم ریاست بھر میں اردو اور دیگر لسانی اقلیتی اسکولوں کے اساتذہ اور طلبہ کے مسائل کی مؤثر نمائندگی کے لیے معروف ہے۔
Post a Comment