کرناٹک کی فی کس آمدنی میں ملک بھر میں سرفہرست ۔ سدارامیا
بی جے پی کو معیشت کی سمجھ نہیں،کانگریس حکومت نے فلاحی منصوبوں پر 56 ہزار کروڑ خرچ کیے، ارسیکیرے میں خطاب
ارسیکیرے، 26 جولائی (نامہ نگار)
وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کہا ہے کہ کانگریس حکومت کی جانب سے متعارف کردہ پانچ گارنٹی اسکیموں کی بدولت آج ریاست کرناٹک فی کس آمدنی کے لحاظ سے پورے ہندوستان میں سرفہرست ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی کو معیشت کی سمجھ ہی نہیں ہے، اسی لیے وہ جھوٹا پروپیگنڈہ کرکے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔وہ آج ارسیکیرے اسمبلی حلقہ میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح، سنگ بنیاد اور مستفیدین کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی شیو لنگے گوڑا نے نہ صرف اپنے حلقہ میں عوامی مفاد کے ترقیاتی کام انجام دیے ہیں بلکہ اسمبلی میں بھی پارٹی اور حکومت کی مؤثر نمائندگی کی ہے۔ وہ پہلے بھی چار بار جیت چکے ہیں اور آئندہ انتخابات میں بھی کامیاب ہوں گے۔سدارامیا نے بتایا کہ شیو لنگے گوڑا نے 148 کروڑ روپے کی لاگت سے 10 جھیلوں کو بھرنے اور پینے کے پانی کی فراہمی جیسے اہم کام انجام دیے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کی قوت خرید میں اضافہ ہماری حکومت کی فلاحی اسکیموں کا نتیجہ ہے۔ کانگریس حکومت نے 1.20 لاکھ کروڑ روپے ترقیاتی منصوبوں پر اور 56 ہزار کروڑ روپے گارنٹی اسکیموں پر خرچ کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی جھوٹ پھیلا رہی ہے کہ ریاستی حکومت کے پاس فنڈز نہیں ہیں، لیکن سچائی یہ ہے کہ ہماری اسکیموں نے عوام کے گھروں تک ترقی پہنچائی ہے ،سدارامیا نے واضح طور پر کہا کہ شیو لنگے گوڑا کے پاس تمام سیاسی صلاحیتیں موجود ہیں اور ان کے حلقے کے عوام بھی ان کے ساتھ ہیں۔ وہ وزیر بننے کے مکمل اہل ہیں، البتہ بعض سیاسی معاملات کو عوام میں کھول کر بیان نہیں کیا جا سکتا۔وزیر اعلیٰ نے دہلی میں منعقدہ او بی سی مشاورتی اجلاس میں راہول گاندھی کی تقریر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ راہول گاندھی نے پسماندہ طبقات کے مسائل اور ان کے حقوق پر کھل کر بات کی ہے،انہوں نے کہا کہ کانگریس ہی وہ واحد پارٹی ہے جو آئینی اقدار کی تکمیل، سماجی انصاف، اور محروم طبقات کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کرتی رہی ہے۔وزیر اعلیٰ نے بی جے پی کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ملک اور ریاست میں اگر کسی نے سماجی انصاف کو زمین پر اتارا ہے تو وہ کانگریس ہی ہے۔
Post a Comment