No Fund Crunch for Guarantee Schemes: CM Siddaramaiah گریٹر بنگلور منصوبہ صرف انتظامی ضرورت ہے: وزیراعلیٰ

گارنٹی اسکیموں کے لیے مالی وسائل کی کوئی کمی نہیں۔ وزیراعلیٰ کی وضاحت

گریٹر بنگلور کی تشکیل انتظامی ضرورت ، سیاسی نہیں، اپوزیشن کے اعتراضات مسترد

ہوسپیٹ، 16 مئی (نامہ نگار)

وزیراعلیٰ سدارامیا نے آج کہا ہے کہ کوپل ضلع میں واقع بالڈوٹ اسٹیل فیکٹری سے متعلق حتمی فیصلہ ایک مفصل رپورٹ کی جانچ کے بعد ہی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیکٹری کا کام بند کرنے وزیر اعلیٰ کی طرف سے دیے گئے حکم کے باوجود جاری رہنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے بعد ضلع انتظامیہ سے تفصیلی رپورٹ طلب کی گئی ہے۔سدارامیا نے زور دے کر کہا کہ ریاستی حکومت کی فلاحی گارنٹی اسکیموں کو جاری رکھنے کے لیے مالی وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کے باوجود، حکومت نے پچھلے بجٹ کی طرح موجودہ مالی سال کے بجٹ میں بھی ان اسکیموں کے لیے خاطرخواہ رقم مختص کی ہے، اور ان اسکیموں کا فائدہ ضرورتمند طبقے تک پہنچ رہا ہے۔گنگاوتی کے بی جے پی رکن اسمبلی جناردھن ریڈی کی سزا اور انکی نااہلی پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ سات سال کی سزا کے بعد وہ آئینی طور پر نااہل قرار دیے جاچکے ہیں ۔ سدارامیا نے کہا کہ اگر وہاں ضمنی انتخاب ہوا تو کانگریس اپنے امیدوار کا اعلان کرے گی اور جیت یقینی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کام، بیداری اور عزم کے سبب عوام کانگریس کے ساتھ ہیں۔وزیراعلیٰ نے اپوزیشن لیڈر آر اشوک کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بنگلور کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی اور انتظامی مسائل کو دیکھتے ہوئے، شہر کو متعدد میونسپل اداروں میں تقسیم کرنا ناگزیر ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے سابق وزیر برائے شہری ترقیات، سریش کمار نے بھی اس طرز کی تجویز دی تھی۔ اس لیے گریٹر بنگلور کا قیام سیاسی نہیں بلکہ انتظامی ضرورت پر مبنی ہے۔وزیراعلیٰ نے جناردھن ریڈی کے اس بیان کو مسترد کیا کہ انہوں نے انتخابات میں ان کی مدد کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ریڈی بی جے پی کے رکن ہیں، اور وہ خود ہمیشہ سے بی جے پی اور آر ایس ایس کی نظریاتی مخالفت کرتے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی بے بنیاد باتوں میں کوئی سچائی نہیں ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ غیر قانونی کانکنی کے خلاف ان کی جدوجہد آج رنگ لا رہی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ جب وہ اپوزیشن لیڈر تھے، تب انہوں نے لوک آیوکتہ کی رپورٹ کی بنیاد پر بلاری تک پدیاترا کی تھی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ غیر قانونی کانکنی میں ملوث تمام افراد کو سزا ملنی چاہیے۔

0/Post a Comment/Comments