ہبلی میں لسانی و اقلیتی مدارس کے اساتذہ کا مشاورتی اجلاس
ریاستی اساتذہ تنظیم کا تعلیمی میدان میں مزید فعال کردار ادا کرنے کا اعلان
ہبلی، 27 مئی (اشفاق احمد مڈکی)
تنظیم برائے بہبودی اساتذہ لسانی و اقلیتی مدارس (رجسٹرڈ) بنگلور کی جانب سے ایک اہم مشاورتی اجلاس بمقام التاج ہوٹل، پرانی ہبلی میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ریاستی صدر محمد سلیم مجاور نے کی۔اس موقع پر ناصر احمد (صدر کرناٹک اردو ساہتیہ پریشد)، فیاض احمد کتھور (سماجی کارکن، ہبلی)، سلیم سونڈ کے (چیئرمین، سونڈ کے فاؤنڈیشن، ہبلی) اور محترمہ ڈاکٹر زاہدہ (اے ایم پی فاؤنڈیشن) نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ریاست بھر سے آئے ضلعی صدور و اراکین کو ان کی نمایاں کارکردگی پر تہنیت پیش کی گئی۔ بالخصوص سریہ ہلیال، میر معلمہ (سرکاری اردو ہائر پرائمری اسکول، سوشی) کو قومی ایوارڈ ملنے پر ریاستی تنظیم نے خصوصی مبارکباد پیش کی۔ ریاستی صدر جناب سلیم مجاور نے تنظیم کی سابقہ کارکردگی پر روشنی ڈالی اور مستقبل کے منصوبوں کا تفصیل سے ذکر کیا۔ اجلاس میں اردو اساتذہ کے مختلف مسائل، تدریسی سہولیات، تربیتی ورکشاپس، اور اقلیتی مدارس کے ساتھ سرکاری سطح پر انصاف کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ لسانی اقلیتی اسکولوں میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات اور اساتذہ کو مرکزی دھارے میں شامل کرنے کی تجاویز بھی پیش کی گئیں، جنہیں اتفاقِ رائے سے منظور کیا گیا۔ ناصر احمد نے اقلیتی بالخصوص اردو اسکولوں کی گرتی ہوئی تعداد، اساتذہ کی کمی اور اساتذہ کے طلبہ سے تعلق کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر زاہدہ نے مادری زبان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے تنظیم سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ فیاض احمد نے تنظیم کی خدمات کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کا اعلان کیا۔اس موقع پر دسویں جماعت کے لیے تنظیم کی جانب سے جاری کردہ "پاسنگ پیکیج" اور تدریسی مواد کو حاضرین نے سراہا اور اس طرز کے اقدامات کو مزید فروغ دینے کی سفارش کی گئی۔ اجلاس کے دوران افسران و محکمہ تعلیم کو دیے گئے میمورنڈم کے نکات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ریاستی کمیٹی کے لیے دوانگرے سے سید سعید کا انتخاب کیا گیا، جبکہ دھارواڑ ضلع کے کلگٹی اور دھارواڑ شہر کی نئی ٹیم کا بھی اعلان کیا گیا۔ کلگٹی تعلقہ صدر کے طور پر اشفاق اور سیکریٹری کے طور پر رسول خان منتخب کیے گئے۔ دیگر اضلاع سے ریاستی کمیٹی کے لیے انتخاب بعد میں کیا جائے گا۔ محترمہ کوثر (بیجاپور) کے شکریے کے ساتھ اجلاس کا اختتام ہوا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اساتذہ کے حقوق اور بہبود کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔تلاوتِ قرآن ذکی قاضی، حمد محترمہ شمس النساء محسن، نعت محترمہ پٹھان مادام نے پیش کی۔ نظامت کے فرائض عطا محمد قاضی نے انجام دیے۔ اس موقع پر ریاستی نائب صدر میرا صاحب ملا، ریاستی خازن ایوب ڈونور، ریاستی کمیٹی اراکین نویز احمد، سید سعید اور دیگر اضلاع کے صدور و اراکین موجود رہے۔ دھارواڑ ضلع کے صدر جناب باغبان، اعزازی صدر بدن خان، اور نائب صدر کالے خان نے اجلاس کے انتظامات کی مکمل نگرانی کی۔
Post a Comment