Waqf Assets Must Serve Society: Minister U T Khader اسپتالوں کی بہتری اور اوقاف کا تحفظ، وزیر کی یقین دہانی

شیموگہ میں طبی سہولتیں بہتر بنانے کی ہدایت: یو ٹی قادر

بدریہ جامع مسجد کا دورہ، اوقافی املاک کے تحفظ کا یقین

شیموگہ، 27 نومبر (حقیقت ٹائمز)

 ریاستی وزیر برائے صحت، اقلیتی بہبود، اوقاف اور حج یو ٹی قادر نے شیموگہ ضلع کے دورے کے دوران ضلع پنچایت کے اجلاس ہال میں محکمۂ صحت کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ عوام کو شہری اور دیہی علاقوں میں بروقت اور معیاری طبی سہولتیں فراہم کرنے کو اولین ترجیح دی جائے۔جائزہ اجلاس میں ضلع کے سرکاری اسپتالوں کی کارکردگی، ڈاکٹروں اور طبی عملے کی دستیابی، ادویات کی فراہمی، ماں اور بچے کی صحت سے متعلق اقدامات اور مختلف سرکاری طبی اسکیموں کے نفاذ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزیر موصوف نے افسران سے مختلف پروگراموں کی پیش رفت کی معلومات حاصل کرتے ہوئے اسپتالوں میں بنیادی سہولتوں کو بہتر بنانے اور صحت عامہ سے متعلق اسکیموں کو مؤثر انداز میں نافذ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔یو ٹی قادر نے ہدایت دی کہ حکومت کی صحت سے متعلق اسکیموں کے فوائد ہر مستحق فرد تک پہنچنے چاہئیں اور محکمہ کے افسران باہمی تال میل کے ساتھ کام کرتے ہوئے عوام کو بہتر طبی خدمات فراہم کریں۔اس موقع پر شیموگہ شہر کے رکن اسمبلی ایس این چنّابسپا، رکن قانون ساز کونسل بلقیس بانو اور ڈی ایس ارون بھی موجود تھے۔

بدریہ جامع مسجد کا دورہ، اوقافی جائیداد کے تحفظ کا یقین

شیموگہ ضلع کے دورے کے دوران یو ٹی قادر نے تیرتھ ہلی تعلقہ کے ہوسور۔گڈّیکیری میں واقع بدریہ جامع مسجد کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مسجد کمیٹی کے عہدیداروں اور مقامی افراد سے ملاقات کرتے ہوئے مسجد کی ترقی، بنیادی سہولتوں اور اوقافی جائیداد کے تحفظ سے متعلق مسائل اور مطالبات سنے۔وزیر موصوف نے بتایا کہ یہ مسجد ۱۹۶۵ ہی میں حکومت کی جانب سے اوقافی جائیداد کے طور پر نوٹیفائی کی جاچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کی املاک کا تحفظ اور انہیں سماج کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال میں لانے کے مقصد سے حکومت ضروری اقدامات کرنے کے لیے پابند عہد ہے۔مقامی افراد نے مسجد کی ترقی اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی سے متعلق اپنی تجاویز پیش کیں۔ یو ٹی قادر نے ان امور پر توجہ دینے اور اوقافی املاک کے تحفظ کے لیے مناسب اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔

0/Post a Comment/Comments