Ilkal's Dr. Mehjabeen Magi Bags 8th State Rank in MD الکل کی ڈاکٹر مہ جبین ماگی کو ایم ڈی میں ریاستی سطح پر آٹھواں رینک

الکل کی ڈاکٹر مہ جبین ماگی نے ایم ڈی میں ریاستی سطح پر آٹھواں رینک حاصل کیا

ریسپائریٹری میڈیسن میں نمایاں کامیابی، ماگی خاندان کے لیے ایک اور اعزاز

الکل 21 نومبر (سلیمان چوپدار)

 شہر الکل کے مسلم نوجوانوں میں اعلیٰ تعلیم کے حصول اور مختلف پیشہ ورانہ شعبوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے کا رجحان مسلسل فروغ پا رہا ہے۔ خصوصاً میڈیکل کے شعبے میں یہاں کے طلبہ و طالبات اپنی محنت، لگن اور قابلیت کے ذریعے نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پورے شہر کا نام روشن کر رہے ہیں۔ اسی سلسلے کی ایک قابلِ فخر مثال ڈاکٹر محترمہ نہ جبین عبدالصمد ماگی کی کامیابی ہے،جنہوں نے ریسپائریٹری میڈیسن کے اسپیشل ایم ڈی امتحان میں پورے کرناٹک میں آٹھواں رینک حاصل کرکے نمایاں کامیابی درج کی ہے۔ڈاکٹر مہ جبین کی اس کامیابی پر شہر کے تعلیمی اور سماجی حلقوں میں مسرت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ان کی یہ کامیابی مسلسل محنت، لگن اور اعلیٰ تعلیمی عزائم کا نتیجہ ہے، جو بالخصوص میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے والی طالبات کے لیے حوصلہ افزا مثال ہے۔قابلِ ذکر ہے کہ الکل کا معروف ماگی برادران خاندان طبی شعبے میں اپنی نمایاں شناخت رکھتا ہے۔ خاندان کے اب تک دس سے زائد لڑکے اور لڑکیاں ایم بی بی ایس، ایم ڈی اور مختلف تخصصی طبی شعبوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان میں ماہر ڈاکٹروں اور سرجنوں کی موجودگی اس بات کی عکاس ہے کہ اس خاندان نے تعلیم اور بالخصوص طبی شعبے میں قابلِ قدر مقام حاصل کیا ہے۔

الکل شہر کے دیگر مسلم خاندانوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان بھی میڈیکل سمیت مختلف اعلیٰ تعلیمی شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔ ان کامیابیوں سے نہ صرف شہر کی تعلیمی شناخت مضبوط ہو رہی ہے بلکہ نئی نسل کو بھی تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے اور اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کا حوصلہ مل رہا ہے۔ڈاکٹر مہ جبین عبدالصمد ماگی کی اس نمایاں کامیابی کو الکل کے لیے ایک اور اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کی کامیابی اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ محنت، مستقل مزاجی اور تعلیم سے وابستگی کے ذریعے کسی بھی منزل کو حاصل کیا جاسکتا ہے۔

0/Post a Comment/Comments