آئیٹا کی ممبرشپ مہم کا آغاز، اساتذہ کی تربیت پر زور
ایک ماہ جاری رہے گی مہم، استاد کی کردار سازی سے انقلاب ممکن: ڈاکٹر ثناء اللہ شریف
بنگلورو، 23 نومبر (حقیقت ٹائمز)
آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس ایسوسی ایشن (AIITA) کرناٹک کی جانب سے تنظیم کی ممبرشپ مہم کو کامیاب بنانے اور زیادہ سے زیادہ اساتذہ کو اس سے وابستہ کرنے کے مقصد سے اتوار کو بنگلورو کے بفٹ میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں شہر بنگلورو سے تعلق رکھنے والے تنظیم کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ صدارت AIITA کرناٹک کے نائب صدر ڈاکٹر ثناء اللہ شریف نے کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ثناء اللہ شریف نے بتایا کہ تنظیم کی ممبرشپ مہم 20 نومبر سے 20 دسمبر 2026 تک جاری رہے گی۔ ایک ماہ پر مشتمل اس مہم کے دوران زیادہ سے زیادہ اساتذہ کو تنظیم سے وابستہ کرنے اور انہیں اس کے تعلیمی، اصلاحی اور تربیتی مقاصد سے متعارف کرانے کی کوشش کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ AIITA کا بنیادی مقصد تعلیمی اداروں میں بہتر تعلیمی اور اخلاقی ماحول کو فروغ دینا، تعلیم کو جہالت اور فرسودہ تصورات کے اثرات سے پاک کرنا اور اسلامی نظریۂ تعلیم کو عام کرنا ہے۔ اس کے ساتھ اساتذہ کی علمی، فکری، فنی، اخلاقی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے رہنمائی فراہم کرنا اور طلبہ کی علمی و اخلاقی تربیت کو مؤثر بنانا بھی تنظیم کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
ڈاکٹر ثناء اللہ شریف نے اساتذہ کے معاشرتی اور تعلیمی کردار کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی انقلاب نہ صرف ایوانِ سیاست سے آتا ہے اور نہ ہی میدانِ جنگ سے، بلکہ اس کی بنیاد ایک استاد کی تربیت اور کردار سازی سے پڑتی ہے۔ ان کے مطابق تعلیمی اور سماجی تبدیلی کے لیے اساتذہ کی فکری و اخلاقی تربیت اور ان کے اندر مثبت تبدیلی پیدا کرنا ناگزیر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تنظیم تعلیمی پالیسیوں اور سرکاری و غیر سرکاری تعلیمی اداروں کے نصاب کا مسلسل جائزہ لینے کی بھی پابند ہے، تاکہ کسی بھی قابلِ اعتراض مواد کو تعلیمی پالیسی یا درسی کتابوں کا حصہ بننے سے روکا جاسکے۔ اس کے علاوہ ہم وطن اساتذہ اور طلبہ میں اسلام سے متعلق پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنا، اساتذہ کے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے کوششیں کرنا اور ملک کے مجموعی معاشرے، بالخصوص مسلم معاشرے میں تعلیمی شعور کو فروغ دینا بھی AIITA کے اہم مقاصد ہیں۔اجلاس کا آغاز حافظ صبیح انور کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس موقع پر شریک ذمہ داران نے ممبرشپ مہم کو مؤثر اور کامیاب بنانے کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اساتذہ سے انفرادی طور پر رابطہ قائم کرکے انہیں تنظیم کے اغراض و مقاصد سے واقف کرایا جائے گا اور زیادہ سے زیادہ اساتذہ کو اس تحریک کا حصہ بنانے کی کوشش کی جائے گی۔اجلاس کے دوران AIITA کی ممبرشپ مہم کے پوسٹر کی باضابطہ رسمِ اجرا بھی انجام دی گئی۔ آخر میں محبوب الحق نے اظہارِ تشکر کیا، جس کے ساتھ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔
Post a Comment