Davangere Gets State's Second Digital Police Outpost بنگلورو کے بعد داونگیرے میں ڈیجیٹل پولیس چوکی، جرائم پر کڑی نگرانی

داونگیرے میں ریاست کی دوسری ڈیجیٹل پولیس چوکی کا آغاز

چہرہ شناس کیمرے اور نمبر پلیٹ ریڈر سے مجرموں پر نظر: ایس پی شیکھر

داونگیرے 24 نومبر (الطاف رضوی)

کرناٹک میں بنگلورو کے بعد ریاست کی دوسری ڈیجیٹل پولیس چوکی داونگیرے میں قائم کی گئی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی سے لیس اس چوکی کے ذریعے جرائم کی روک تھام، فوجداری مقدمات کی تفتیش اور ٹریفک کی نگرانی میں مدد ملے گی۔ ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر ایچ ٹی شیکھر نے یہ بات شہر کے قریب شامنور انڈر برج کے پاس قومی شاہراہ پر محکمہ پولیس کی جانب سے تعمیر کردہ ضلع کی پہلی ڈیجیٹل پولیس چوکی کا افتتاح کرنے کے بعد کہی۔انہوں نے بتایا کہ اس ڈیجیٹل چوکی پر نصب جدید کیمرے چہروں کی شناخت کرنے کے ساتھ گاڑیوں کی نمبر پلیٹوں کو بھی خودکار طریقے سے پڑھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ جیسے ہی کوئی گاڑی چوکی سے گزرتی ہے، اس کی تصاویر اور متعلقہ معلومات سی سی ٹی وی نظام کے ذریعے کمپیوٹر اسکرین اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر تک پہنچ جاتی ہیں۔ اس طرح گاڑیوں کی آمدورفت پر مسلسل نظر رکھی جا سکتی ہے اور نمبر پلیٹ تبدیل کرکے چلائی جانے والی گاڑیوں کی بھی شناخت ممکن ہوگی۔ایس پی نے کہا کہ ڈیجیٹل چوکیوں کا قیام جرائم پر قابو پانے اور مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے اہم قدم ہے۔ پولیس کے پاس مجرمانہ پس منظر رکھنے والے افراد اور شرپسند عناصر سے متعلق دستیاب معلومات کو ڈیجیٹل نظام میں محفوظ کیا گیا ہے۔ کیمرے سے حاصل ہونے والی تصاویر کا اس ڈیٹا سے تقابل کیا جاتا ہے۔ اگر کسی مشتبہ شخص کے چہرے کی شناخت میں 80 فیصد تک مماثلت سامنے آئے تو متعلقہ پولیس اہلکاروں کو فوری الرٹ بھیجا جاتا ہے۔ ان کے مطابق ایک کیمرہ تقریباً 10 پولیس اہلکاروں کے کام کے برابر نگرانی کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ داونگیرے وسطی کرناٹک کے تیزی سے ترقی کرنے والے شہروں میں شامل ہے۔ شہر کی توسیع اور گاڑیوں کی تعداد میں اضافے کے ساتھ امن و امان اور شہریوں کی سلامتی کے نئے تقاضے بھی سامنے آ رہے ہیں۔ اس ڈیجیٹل چوکی کے ذریعے شہر میں داخل ہونے اور باہر جانے والی گاڑیوں اور افراد کی چوبیس گھنٹے نگرانی کی جائے گی۔ آئندہ مرحلوں میں باڈا کراس اور ودیا نگر سمیت شہر کے دیگر اہم مقامات پر بھی ڈیجیٹل پولیس چوکیاں قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔یہ ڈیجیٹل چوکی کریڈٹ ایکسس گرامین لمیٹڈ اور انڈس ویج پرو پرائیویٹ لمیٹڈ کے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) فنڈ کے تحت قائم کی گئی ہے۔ دونوں اداروں کی جانب سے اس منصوبے کی تکنیکی سہولتوں کے لیے 6.27 لاکھ روپے فراہم کیے گئے ہیں۔ نظام میں 2 ٹی بی ڈیٹا محفوظ کرنے کی گنجائش ہے، جس کا ریکارڈ 45 دن تک محفوظ رکھا جا سکے گا۔اس موقع پر اے ایس پی پرمیشور ہیگڑے، ڈی وائی ایس پی شرنابسویشور، اے کے رودریش، نابارڈ کی ضلعی منیجر رشمی ریکھا، لیڈ بینک منیجر پی ڈی ہیرے مٹھ، پولیس انسپکٹرز بی منجوناتھ اور منجوناتھ کوپلورو، انڈس ویج پرو پرائیویٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹر اور دیگر عہدیداران موجود تھے۔

0/Post a Comment/Comments