جامع مسجد سٹی میں پولیس کمشنر ہتیندرا کی مفتی مقصود عمران سے خیرسگالی ملاقات
منشیات کی روک تھام اور خواتین کے تحفظ پر مشترکہ حکمت عملی کی اپیل
بنگلورو، 24 نومبر (حقیقت ٹائمز)
بنگلورو کے نو تعینات پولیس کمشنر آر ہتیندرا (اے ڈی جی پی رینک) نے منگل کی صبح شہر کے مرکزی علاقے میں واقع جامع مسجد سٹی کا دورہ کرتے ہوئے شاہی امام کرناٹک حضرت مولانا مفتی ڈاکٹر محمد مقصود عمران رشادی سے خیرسگالی ملاقات کی۔ اس موقع پر بنگلورو سینٹرل ڈویژن کے پولیس کمشنر لابھو رام (آئی جی پی رینک)، ڈی سی پی، اے سی پی اور دیگر سینئر پولیس عہدیداران بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران شہر میں امن و امان کی صورتحال، پولیس اور عوام کے درمیان باہمی تعاون، نوجوانوں میں منشیات کے استعمال کی روک تھام اور خواتین کے تحفظ جیسے اہم سماجی و شہری مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر پولیس کمشنر آر ہتیندرا نے جامع مسجد اور مسلم چیریٹیبل فنڈ ٹرسٹ کی ملی، سماجی اور فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے شہر میں امن و امان کی بحالی اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں ان کے کردار کا اعتراف کیا۔ انہوں نے کہا کہ جامع مسجد کی جانب سے امن، بھائی چارے اور مثبت سماجی رویوں کا پیغام شہر کے ماحول کو بہتر بنانے میں اہمیت رکھتا ہے۔ مسلم معاشرے میں اس ادارے کے اثر و رسوخ اور مقام کو پولیس محکمہ بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی امن و امان کے قیام اور سماجی ہم آہنگی کے لیے یہ تعاون جاری رہے گا۔
شاہی امام مولانا مفتی ڈاکٹر محمد مقصود عمران رشادی نے شہر کو درپیش مختلف مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بنگلورو میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس محکمہ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات قابلِ قدر ہیں۔ تاہم نوجوانوں میں منشیات کی لت اور خواتین کے تحفظ، عزت و وقار اور خودمختاری سے متعلق مسائل پر مزید منظم اور منصوبہ بند توجہ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان کسی بھی ملک اور ملت کا قیمتی سرمایہ اور مستقبل ہوتے ہیں، جبکہ خواتین معاشرے کا ایک قابل احترام اور اہم طبقہ ہیں۔ ان دونوں طبقات کو مسائل اور سماجی برائیوں سے محفوظ رکھتے ہوئے انہیں ترقی اور خوشحالی کے یکساں مواقع فراہم کرنا اجتماعی ذمہ داری ہے۔ ان مسائل سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے پولیس محکمہ، سماجی تنظیموں، تعلیمی اداروں اور عوام کو مشترکہ حکمت عملی کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔
مولانا نے مزید کہا کہ شہر میں منشیات کے خلاف سرگرم تنظیموں اور خواتین کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے اداروں کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔ ان تمام کوششوں کو مربوط کرتے ہوئے ایک مشترکہ لائحۂ عمل اختیار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ان سماجی مسائل پر مؤثر قابو پایا جاسکے۔انہوں نے پولیس اور عوام کے درمیان بہتر رابطے اور باہمی اعتماد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قانون کی بالادستی اور شہر میں امن و امان کے قیام کے لیے مسلم معاشرہ پولیس محکمہ کے ساتھ بھرپور تعاون کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سماجی امن اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام طبقات کی مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔اس موقع پر مولانا مفتی ڈاکٹر محمد مقصود عمران رشادی نے نو تعینات پولیس کمشنر اور دیگر اعلیٰ عہدیداران کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور شہر کی خدمت میں کامیابی کے لیے دعائیں کیں۔ملاقات میں بنگلورو پولیس کے اعلیٰ عہدیداران، ڈی سی پی گاندھی نگر ڈویژن لکشمی گنیش کے، اے سی پی، سرکل انسپکٹرز اور دیگر پولیس اہلکار بھی موجود تھے۔
Post a Comment