بنگلورو میں کرناٹک مسلم و اقلیتی ملازمین ویلفیئر اسوسی ایشن کی ایگزیکٹیو کمیٹی تشکیل
تعلیم، روزگار اور ملازمین کے حقوق کے لیے مشترکہ کوششوں کا عزم؛ عہدیداران کی فہرست ریاستی منظوری کے بعد جاری ہوگی
بنگلورو 24 نومبر (شبیر احمد)
کرناٹک اسٹیٹ گورنمنٹ مسلم اینڈ مائناریٹی ایمپلائز ویلفیئر اسوسی ایشن (KSG MEWA) کی تنظیمی سرگرمیوں کو وسعت دینے اور اس کے اغراض و مقاصد کو مؤثر انداز میں عملی جامہ پہنانے کے لیے انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرز، بنگلورو کے ہال میں بنگلورو ایگزیکٹیو کمیٹی تشکیل دی گئی۔اس موقع پر اسوسی ایشن کے ریاستی صدر سلیم ہنچینامنی، جنرل سکریٹری سید اسماعیل پاشا، ڈاکٹر عبدالحمید، مکندر، ڈاکٹر یوسف اسلم، ڈاکٹر ذاکر حسین اور ڈاکٹر عنایت اللہ خصوصی طور پر موجود تھے۔اجلاس میں بنگلورو آفس کے اراکین نور علی، محبوب اور عارف احمد، کولار سے منیر احمد، چتردرگہ کے صدر اقبال، خواجہ حسین، تاجیر پاشا، محمود اور رام نگر کے جنرل سکریٹری اسرار پاشا کے علاوہ تقریباً 125 سرکاری ملازمین اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔اجلاس میں بنگلورو ایگزیکٹیو کمیٹی کے لیے صدر، اعزازی صدر، نائب صدور، سکریٹری، خزانچی، جوائنٹ سکریٹری، میڈیا سکریٹری اور آرگنائزنگ سکریٹری سمیت مختلف عہدوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی۔ تاہم، نومنتخب عہدیداران کے ناموں کی فہرست ریاستی کمیٹی کی منظوری کے بعد باضابطہ طور پر جاری اور شائع کی جائے گی۔

اس موقع پر مقررین نے اسوسی ایشن کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مسلم اور دیگر اقلیتی طبقات کی تعلیمی، سماجی اور معاشی ترقی کے لیے منظم اور متحدہ کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ عوام میں تعلیم کی اہمیت، روزگار کے مواقع، تعلیمی و معاشی خودمختاری اور سرکاری ملازمین کی فلاح و بہبود کے تعلق سے بیداری پیدا کرنا اسوسی ایشن کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتی سرکاری ملازمین کو درپیش مسائل کے حل، ان کے جائز حقوق کے تحفظ، طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو بہتر بنانے، اردو زبان کے فروغ اور اقلیتی طبقات سے متعلق دیگر اہم مسائل کے سلسلے میں اسوسی ایشن مؤثر نمائندگی کرے گی۔ اس مقصد کے لیے متعلقہ سرکاری محکموں اور حکام سے رابطہ رکھتے ہوئے مسائل کو مناسب فورم پر پیش کیا جائے گا۔مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی تنظیم کی کامیابی کا انحصار اس کے اراکین کے اتحاد، باہمی تعاون اور فعال شرکت پر ہوتا ہے۔ تمام ملازمین اور اراکین کو چاہیے کہ وہ تنظیمی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیتے ہوئے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے متحد رہیں۔اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے اسوسی ایشن کو مزید مستحکم اور فعال بنانے، مسلم و اقلیتی ملازمین کے حقوق کے تحفظ اور پوری کمیونٹی کی تعلیمی، سماجی اور معاشی ترقی کے لیے متحد ہوکر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
Post a Comment