Urdu Day, Academy Awards on Nov 9 at Bengaluru Town Hall : UT Khader یومِ اردو پر ٹاؤن ہال میں ایوارڈز کی تقسیم

بنگلورو میں یومِ اردو اور اردو اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب 9 نومبر کو: یو ٹی قادر

ٹاؤن ہال میں دن بھر ادبی و ثقافتی سرگرمیاں، اہم شخصیات کی شرکت متوقع

بنگلورو  5 نومبر (حقیقت ٹائمز)

ریاستی وزیر برائے صحت، اقلیتی بہبود، وقف اور حج یو ٹی قادر نے اعلان کیا ہے کہ شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے یومِ پیدائش کے موقع پر 9 نومبر کو بنگلورو کے تاریخی ٹاؤن ہال میں کرناٹک اردو اکیڈمی کے زیرِ اہتمام یومِ اردو اور اکیڈمی کے سالانہ ایوارڈز کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوگی۔ اس سلسلے میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور پروگرام کے تحت دن بھر مختلف ادبی، تہذیبی اور ثقافتی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔پروگرام کے مرکزی حصے میں اردو زبان و ادب کے فروغ اور مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو کرناٹک اردو اکیڈمی کے سالانہ ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔ اس تقریب میں ریاست کے وزیر اعلیٰ، نائب وزیر اعلیٰ اور دیگر عوامی نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔

وزیر یو ٹی قادر نے پروگرام کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یومِ اردو منانے کا بنیادی مقصد اردو زبان و ادب کی اہمیت، اس کی تہذیبی و ادبی وراثت اور معاشرے میں اس کے نمایاں مقام کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اردو محض ایک زبان نہیں بلکہ ہماری مشترکہ تہذیب، گنگا جمنی ثقافت، ادبی روایات اور سماجی ہم آہنگی کی ایک اہم علامت ہے۔ اس کے فروغ اور تحفظ کے لیے سرکاری سطح پر مسلسل کوششوں کے ساتھ اردو داں طبقے کی فعال شرکت بھی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اردو کے ادبی ورثے کو نئی نسل سے متعارف کرانے اور زبان کے تئیں دلچسپی پیدا کرنے کے لیے اس طرح کے پروگرام اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

یو ٹی قادر نے مزید کہا کہ اردو کے فروغ کے لیے صرف تقریبات کا انعقاد کافی نہیں، بلکہ تعلیمی، ادبی اور ثقافتی سطح پر بھی مسلسل سرگرمیوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ اردو زبان سے وابستہ صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی اور اس کے ذریعے خدمات انجام دینے والی شخصیات کی قدردانی سے نئی نسل کو بھی آگے آنے کا حوصلہ ملے گا۔

اس موقع پر کرناٹک اردو اکیڈمی کے چیئرمین مفتی محمد علی قاضی، اراکین محمد اعظم شاہد، ناطق علی پوری، محمد عابد اسلم، شاہد قاضی،رجسٹرار اعجاز احمد اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔واضح رہے کہ 9 نومبر کو منعقد ہونے والی اس تقریب میں یومِ اردو کی مناسبت سے ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے ساتھ اردو اکیڈمی کے سالانہ ایوارڈز کی تقسیم بھی عمل میں آئے گی۔

0/Post a Comment/Comments