Ilkal: Anjuman Bachao Tehreek Demands Anjuman-e-Islam Committee Polls سابق صدر عثمان غنی پر ممبرشپ مہم میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام

الکل میں انجمن اسلام کمیٹی کے انتخابات کرانے کا مطالبہ

سلیکشن نہیں، ووٹنگ سے ہو عہدیداروں کا انتخاب: انجمن بچاؤ تحریک

الکل 6 نومبر (سلیمان چوپدار)

انجمن بچاؤ تحریک کی جانب سے شہر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں انجمن اسلام کمیٹی کے انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ ادارے کے عہدیداروں کا انتخاب سلیکشن کے بجائے باقاعدہ انتخابات کے ذریعے ہونا چاہیے، کیونکہ یہی شہر کے عوام کی خواہش ہے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آصف بلے کدری نے کہا کہ انجمن اسلام کمیٹی کے انتخابات کے سلسلے میں عدالتی احکامات کے مطابق ممبرشپ اور انرولمنٹ فارم بھرنے کا عمل جاری تھا۔ اس دوران عوام نے غیر معمولی جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے بڑی تعداد میں رکنیت حاصل کرنے کے لیے قطاریں لگائیں۔ ان کے مطابق اب تک تین ہزار سے زائد افراد کی ممبرشپ مکمل ہوچکی ہے اور آنے والے دنوں میں انتخابات کے امکانات روشن ہیں۔انہوں نے سابق صدر عثمان غنی پر الزام عائد کیا کہ وہ ممبرشپ کے عمل کو روکنے کے لیے بار بار عدالت سے حکمِ امتناع حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آصف بلے کدری نے کہا کہ جب انرولمنٹ فارم بھرنے کی اجازت دی گئی تھی، تب بھی اسٹے حاصل کیا گیا، جس کے خلاف انجمن بچاؤ تحریک نے عدالت میں قانونی جدوجہد کی اور بالآخر ممبرشپ فارم بھرنے کی اجازت حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ انجمن کسی کی ذاتی جائیداد نہیں بلکہ شہر کے عوام کا ادارہ ہے، اس لیے اس کے معاملات میں عوام کی رائے اور خواہشات کو اہمیت دی جانی چاہیے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اب انجمن کے عہدیداروں کا انتخاب سلیکشن کے ذریعے نہیں ہوگا بلکہ انتخابات کے انعقاد کے ذریعے ہی کیا جانا چاہیے۔اس موقع پر محمد رفیق نے کہا کہ سابق صدر عثمان غنی کی جانب سے ممبرشپ کے عمل کو روکنے کے لیے ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی کوششیں کئی سوالات کو جنم دے رہی ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ گزشتہ 20 برسوں کے دوران شہر کے کسی بھی فرد کو ممبرشپ فراہم نہیں کی گئی، لیکن اب جب عوام بڑی تعداد میں رکنیت حاصل کرنے کے لیے آگے آرہے ہیں تو اس عمل میں رکاوٹیں کیوں پیدا کی جارہی ہیں؟ انہوں نے اس صورتِ حال پر شبہات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ممبرشپ مہم کو روکنے کی کوششوں سے ادارے کے سابقہ معاملات کے بارے میں بھی سوالات پیدا ہورہے ہیں۔پریس کانفرنس میں امام لٹگببری، فاروق ببتنٹی، محبوب گوڈے کار اور ربّاض بنھو بھی موجود تھے۔

0/Post a Comment/Comments