Twelve-Year-Old Bibi Amna Wins Kartagi School Story Contest آمنہ کی کامیابی طلبہ کو مطالعے اور تحریر کی ترغیب دے گی

کارٹگی کے اسکول میں کہانی نویسی کا مقابلہ، بی بی آمنہ اول

بارہ سالہ طالبہ کی کہانی ایک گاؤں کا محل بہترین قرار

کارٹگی، 7 نومبر (حقیقت ٹائمز)

بچوں میں تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے، غور و فکر کا رجحان پیدا کرنے اور ادب و تحریر سے دلچسپی بڑھانے کے مقصد سے اسکول میں جماعت ششم اور ہفتم کے طلبہ کے لیے کہانی نویسی کا ایک دلچسپ مقابلہ منعقد کیا گیا، جس میں 12 سالہ طالبہ بی بی آمنہ نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔مقابلے میں شریک طلبہ کو اپنی سوچ، مشاہدے اور تخیل کی بنیاد پر خود ایک مکمل کہانی تحریر کرنے کا موقع دیا گیا تھا۔ اسکول کے متعدد طلبہ نے اس سرگرمی میں حصہ لیتے ہوئے اپنی ادبی اور تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار کیا۔ منتظمین کی جانب سے پہلے ہی اعلان کیا گیا تھا کہ مقابلے میں سب سے بہترین قرار پانے والی کہانی کو اخبار میں اشاعت کا موقع فراہم کیا جائے گا۔مقابلے میں بی بی آمنہ کی تحریر کردہ کہانی ’’ایک گاؤں کا محل‘‘ کو بہترین قرار دیا گیا۔ محض 12 سال کی عمر میں اپنے تخیل اور فکر کی بنیاد پر ایک مکمل کہانی تحریر کرنا ان کی تخلیقی صلاحیتوں اور لکھنے کے شوق کا قابلِ قدر مظاہرہ ہے۔ ان کی کہانی میں غربت، سماجی ناانصافی، ظلم و زیادتی، انسانی ہمدردی اور مظلوموں کے ساتھ ہونے والے سلوک جیسے موضوعات کو افسانوی انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

کہانی کا مرکزی خیال ایک ایسے غریب خاندان کے گرد گھومتا ہے جو ایک خوشحال گاؤں میں رہنے کے باوجود امیر طبقے کے ظلم و استحصال کا شکار ہوتا ہے۔ خاندان کا محنت کش سربراہ سازش کے تحت قتل کردیا جاتا ہے، جس کے بعد اس کے اہل خانہ کو بھی المناک حالات سے گزرنا پڑتا ہے۔ کہانی میں ایک پرانے محل کو واقعات کا مرکز بناکر مظلوم خاندان کے ساتھ ہونے والی ناانصافی اور ظلم کے انجام کو ایک پراسرار اور سبق آموز انداز میں بیان کیا گیا ہے۔اس موقع پر اساتذہ اور منتظمین نے کہا کہ بچوں کے اندر بے شمار تخلیقی صلاحیتیں موجود ہوتی ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ انہیں اپنی سوچ اور خیالات کے اظہار کے مناسب مواقع فراہم کیے جائیں۔ اس طرح کے ادبی مقابلے بچوں میں خود اعتمادی، مطالعے کا ذوق، تحریری مہارت اور نئے موضوعات پر غور و فکر کرنے کی صلاحیت پیدا کرتے ہیں۔مقابلے کے منتظم فہد حمیدی، معلم، کارٹگی نے اس کامیابی کو بچوں کی حوصلہ افزائی اور ادبی ذوق کی آبیاری کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بی بی آمنہ کی یہ کامیابی دیگر طلبہ کو بھی مطالعے اور کہانی نویسی کی طرف راغب کرے گی۔

1/Post a Comment/Comments

Post a Comment