سید اسماعیل گوہر کے افسانچوں کے مجموعے ترکش کی رسمِ اجراء
خلدآباد میں آئیٹا کے کیمپ کے دوران ادبی تقریب
خلدآباد، 7 نومبر (حقیقت ٹائمز)
معروف قلم کار سید اسماعیل گوہر (ناندورہ) کے افسانچوں کے مجموعے ’’ترکش‘‘ کی رسمِ اجراء آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس ایسوسی ایشن (AIITA) کے زیرِ اہتمام منعقدہ دو روزہ تربیتی و تنظیمی کیمپ کے دوران انجام پائی۔ یہ کیمپ 7 اور 8 نومبر 2026ء کو العرفان اسکول کیمپس، خلدآباد میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ پروگرام کے پہلے روز منعقدہ ادبی تقریب میں اہلِ قلم، اساتذہ اور تنظیم کے ذمہ داران نے شرکت کی۔تقریب کی صدارت آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس ایسوسی ایشن کے قومی صدر شیخ عبدالرحیم نے کی، جبکہ کتاب کی رسمِ اجراء تنظیم کی مجلسِ شوریٰ کے رکن عبدالجلیل کے ہاتھوں عمل میں آئی۔اس موقع پر خصوصی مہمانان کی حیثیت سے اسلم فیروز (سینٹرل سکریٹری)، محمد عتیق شیخ (صدر آئیٹا، مہاراشٹر)، پٹھان شریف خان (سکریٹری آئیٹا، مہاراشٹر)، ریاض الخالق (نائب صدر آئیٹا، مہاراشٹر) اور محمد علیم اسماعیل (سکریٹری آئیٹا، ناندورہ) اسٹیج پر موجود تھے۔افسانچوں کا مجموعہ ’’ترکش‘‘ مصنف کے تخلیقی تجربات، گہرے مشاہدات اور زندگی کے مختلف پہلوؤں کی عکاسی کرتا ہے۔ مختصر مگر بامعنی انداز میں پیش کیے گئے یہ افسانچے اردو ادب کی اہم صنفِ افسانچہ کے فروغ کی جانب ایک قابلِ قدر ادبی کوشش ہیں۔
اس موقع پر شرکائے تقریب نے سید اسماعیل گوہر کو ان کی اس ادبی کاوش پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کا یہ مجموعہ اردو ادب کے قارئین میں پذیرائی حاصل کرے گا اور افسانچے کی صنف سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے مفید اضافہ ثابت ہوگا۔قابلِ ذکر ہے کہ آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس ایسوسی ایشن کا یہ دو روزہ تربیتی و تنظیمی کیمپ تعلیمی اور تنظیمی سرگرمیوں کے ساتھ ادبی و تخلیقی سرگرمیوں کو بھی فروغ دینے کے مقصد سے منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں ریاست مہاراشٹر کے مختلف اضلاع سے اساتذہ شرکت کر رہے ہیں۔
Post a Comment